عالمی صحت سربراہی اجلاس، “صحت کے ابھرتے ہوئے چیلنجوں کے لیے ایک متحد، مؤثر اور مربوط جواب” کے عزم کے ساتھ اختتام پذیر

18

اسلام آباد،11 جنوری(اے پی پی): دو روزہ عالمی صحت سربراہی اجلاس جمعرات کے روز “صحت کے ابھرتے ہوئے چیلنجوں کے لیے ایک متحد، مؤثر اور مربوط جواب” کے عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔

سربراہی اجلاس نے دنیا بھر کے ممالک کے وزرائے صحت، ماہرین صحت اور اسٹیک ہولڈرز کو بصیرت انگیز بات چیت، علم کے تبادلے اور عالمی صحت کی حفاظت کو مضبوط بنانے کے لیے باہمی تعاون کے اقدامات کے قیام کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا۔

وفاقی وزیر صحت ندیم جان نے شرکت کرنے والے مندوبین اور شرکاء کو اس سمٹ کو کامیاب بنانے پر مبارکباد دی۔وزیر صحت نے عالمی ہیلتھ سیکیورٹی ایجنڈا چیمپیئن ایوارڈز متعارف کرانے کی تجویز پیش کی تاکہ اس مقصد میں مثالی شراکت کی بنیاد پر ممالک/افراد کو دیا جائے۔ انہوں نے یو این جی اے اور ورلڈ ہیلتھ اسمبلی کے دونوں سالانہ ایجنڈوں میں عالمی صحت کی سلامتی پر مشتمل ایک خصوصی اجلاس کو شامل کرنے کی تجویز بھی دی۔

اس موقع پر وفاقی سیکرٹری افتخار علی شالوانی نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر کے پالیسی سازوں، ماہرین اور اسٹیک ہولڈرز کی مشترکہ کوششوں کا مشاہدہ کرنا ایک “سچا خواب” ہے۔ انہوں نے عالمی صحت کے تحفظ کے لیے مسلسل تعاون اور شواہد پر مبنی حکمت عملیوں کے نفاذ کی ضرورت پر زور دیا۔