عوام کو فراڈ سے بچانے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھارہےہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب کی ای رجسٹری ماڈل سینٹرکے افتتاح کے موقع پر گفتگو

12

لاہور، 6 جنوری (اے پی پی): نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ای رجسٹری ماڈل سینٹر کا افتتاح کر دیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ لاہور میں ای رجسٹری سینٹر نے کام شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو فراڈ سے بچانے کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہے ہیں، رشوت والی تمام شکایات دور ہو جائیں گی۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پورے پنجاب میں کسی بھی جگہ مینول رجسٹری نہیں ہو رہی، اب تک 2 لاکھ 21 ہزار ای رجسٹریاں ہوچکی ہیں۔

 وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ای رجسٹریشن سنٹر  میں شہریوں کے لئے بہترین سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ لاہور میں ایک ای رجسٹریشن سنٹرکا افتتاح کر دیا ہے دو ای رجسٹریشن سنٹر شالیمار ٹاؤن اور رائیونڈ میں بنائے جائیں گے۔

 محسن نقوی نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی ہے کہ 31جنوری تک دونوں ای رجسٹریشن سنٹر ز کو مکمل کریں۔ ای رجسٹریشن سنٹر میں بینک آف پنجاب کی سہولت مہیا کی گئی، جلد نادراکی بھی سہولت فراہم کر دیں گے۔ محسن نقوی نے کہا کہ ای رجسٹریشن سنٹر بننے سے ٹیکس چوری ختم ہوگی۔

انھوں نے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل داتا گنج بخش ٹاؤن رجسٹری آفس کا دورہ کیا تھا،  دفتر کی حالت انتہائی خستہ حال تھی، بیٹھنے کی کوئی جگہ نہیں تھی، تب فیصلہ کیا کہ رجسٹریشن آفس کی حالت بہتر کریں گے۔  وزیراعلیٰ نے کہا کہ سب نے محنت کی ہے، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کو کریڈٹ جاتا ہے جنہوں نے دن رات محنت کی ہے۔  ای رجسٹریشن سنٹر پر لوگوں کو آرام دہ سہولتیں مہیا ہونگی اور فراڈ سے بھی بچیں گے۔

 محسن نقوی نے کہا کہ زیر التواء درخواستیں ڈیش بورڈ پر وضع ہونگی۔ محسن نقوی نے کہا کہ ای رجسٹریشن سنٹر بننے سے رجسٹری کا عمل تاخیر کا شکار نہیں ہوگا اور موقع پر ہی رجسٹری ہوگی۔  وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ای رجسٹریشن سنٹر بننے سے رشوت سے متعلق شکایات کا خاتمہ ہوگا۔ ہر چیز کمپیوٹر ائزڈ ہے، وقت ضائع   نہیں ہوگا۔  وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ فی الحال تعلیمی اداروں کی چھٹیاں بڑھانے کا کوئی پلان نہیں، سردی کی شدت بڑھ گئی تو پھر دیکھیں گے، مجھے تنقید سے کوئی فرق نہیں پڑتا، تنقید کو لے کر بیٹھ جاتا تو کوئی کام نہیں کر سکتا۔