عوام کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ،تمام متعلقہ محکمے عام انتخابات کیلئے جامع اور مکمل سکیورٹی پلان تیارکریں؛وفاقی وزیرشاہداشرف تارڑ

11

 

لاہور،24جنوری  (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر برائے مواصلات شاہد اشرف تارڑ  نے تمام متعلقہ محکموں کو ملک میں عام انتخابات کے لئے  جامع اور مکمل سکیورٹی پلان تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔

وہ  بدھ کو یہاں چیف سیکرٹری پنجاب کے آفس میں عام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، سپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمن،قانون نافذ کرنے والے دیگر محکموں کے نمائندہ افراد نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

وفاقی وزیر نے محکموں کے درمیان غیر معمولی ہم آہنگی اور عوام کو سازگار ماحول فراہم کرنے کی تیاریوں کے مطابق صوبائی اور وفاقی حکام کے درمیان ڈیٹا کے اشتراک پر زور دیا۔انہوں نے متعلقہ محکموں کو سوشل میڈیا پر توجہ مرکوز کرنے اور انتخابی عمل کے دوران اور بعد میں کسی بھی قسم کی جعلی خبروں کے خاتمہ کے لیے خود کو تیار رکھنے کی ہدایت کی۔

وفاقی وزیر مواصلات شاہد اشرف تارڑ  نے کہا کہ اس سلسلے میں  جامع حکمت عملی مرتب کی جائے تا کہ کسی بھی قسم کے انتشار سے بچا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ نگران  سیٹ اپ کے انتظامات سے عوام تک  واضح پیغام پہنچنا چاہیے کہ وہ ہر لحاظ سے محفوظ ہیں۔چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ وہ آزادانہ،منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو مکمل تعاون فراہم کر رہے ہیں ، انتظامی افسران کو بہترین انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے اور عملے کی رہنمائی کے لیے ایک ہینڈ بک بھی تیار کر لی گئی ہے۔

اس موقع پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے عام انتخابات کے لیے سکیورٹی انتظامات پر تفصیلی بریفنگ بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ 34,228 عمارتوں میں تقریبا 49,817  پولنگ سٹیشنز بنائے گئے ہیں اورہر پولنگ سٹیشن پر تین اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ صوبے میں 147,800  اہلکاروں کی تعیناتی کے ساتھ ہر پولنگ سٹیشن کو چھ لیئر کی سکیورٹی فراہم کی جائے گی جبکہ حساس پولنگ سٹیشنز کے لیے غیر معمولی انتظامات کیے جائیں گے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پولنگ عملے کی تربیت کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے جبکہ دوسرا مرحلہ جاری ہے۔سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب مکمل ہو چکی ہے،خصوصی الیکشن سیل اور کنٹرول روم تشکیل دے دیا گیا ہے اور انٹرنیٹ کی خرابی کی صورت میں تمام ڈپٹی کمشنرز کے پاس اہم فون نمبر کے ساتھ ڈسٹرکٹ ہینڈ بک بھی دستیاب ہوگی۔

اس موقع پروفاقی وزیر نے پنجاب حکومت کے نمائندہ افراد کو عام انتخابات کے حوالے سے وفاقی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔