غیر ملکی ایجنڈے کو فروغ دینے والوں کو عوام نے مسترد کردیا ہے؛ جان اچکزئی

20

 

کوئٹہ، 15 جنوری (اے پی پی):بلوچستان کے نگران صوبائی وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا ہےکہ غیر ملکی ایجنڈے کو فروغ  دینے والوں کو عوام نے مسترد کردیا ہے جبکہ عوام نے  بلوچستان کے شہداء کے لواحقین سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز سول سیکرٹریٹ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ نگران حکومت نے 17 سال بعد سبی ہرنائی ریلوے لائن بحال کردیا ہے جس کی بحالی سے معاشی سرگرمیوں کو مزید فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان نے سرحدوں پر ملک سے آنے اور جانیوالوں کیلئے واضح پالیسی جاری کی ہے جس کے تحت چمن،چاغی اور دیگر سرحدوں پر قانونی دستاویزات پورے رکھنے والے افراد کیلئے کھلے ہیں جبکہ تورخم باڈر پر بھی قانونی تقاضے پورے کردئیے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر کو محفوظ بنانے کیلئے سیف سٹی پروجیکٹ کو تکمیل تک پہنچادیا۔سیف سٹی پروجیکٹ کے تحت 14 سو کیمرے نصب کئے گئے ہیں جو عوام کیلئے ناصرف ایک بڑا تحفہ ہے بلکہ اس سے امن و امان پر بھی مثبت فرق پڑیگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ چمن پیکج کے تحت 20 ہزار نوجوانوں کیلئے 6 ارب روپے مختص کئے ہیں جس کے تحت 1700 نوجوانوں کو 20 ہزار ماہانہ دئیے جارہے ہیں۔