لاہور،20جنوری (اے پی پی):نگران کابینہ کی قائمہ کمیٹی برائے امور قانون سازی اور پرائیویٹائزیشن کا تیرہواں اجلاس نگران وزیر ہاؤسنگ، اوقاف و مذہبی امور، زکوة و عشر بیرسٹر سید اظفر علی ناصر کی زیر صدارت آٹھ کلب جی او آر ون میں منعقد ہوا۔اجلاس میں صوبائی وزیر منصور قادر، بلال افضل، ڈاکٹر جمال ناصراور متعلقہ محکموں کے سیکریٹریز نے شرکت کی۔
اجلاس میں گاؤں شامکے بھٹیاں، سندر، تحصیل رائے ونڈ، ضلع لاہور میں ایل پی جی پلانٹ کی توسیع کیلئے زمین کے حصول کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں پنجاب شہر خموشاں اتھارٹی کے چیئرپرسن اور ممبران کی نامزدگی/ تقرری اور موٹر وہیکل رولزمیں ترمیم کی بھی منظوری دی گئی۔ پنجاب ڈرگ رولزمیں ترمیم اور پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کی ٹیکنیکل ایڈوائزری کمیٹی کے لئے نامزدگی کی منظوری بھی دی گئی۔
صوبائی وزیر کے زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں پنجاب کیپٹیو وائلڈ لائف مینجمنٹ کمیٹی رولز کے تحت پنجاب کیپٹیو وائلڈ لائف مینجمنٹ کمیٹی کی تشکیل اور صوبائی موٹر وہیکلز (ترمیمی) ایکٹ کی دفعات کا نفاذ اور اس کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔