لاہور ؛ شہید کانسٹیبل محمد ارشد کی نماز جنازہ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں کر دی گئی

9

لاہور، 31 جنوری ( اے پی پی ):  لاہور پولیس کے شہید کانسٹیبل محمد ارشد کی نماز جنازہ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ  میں  کر دی  گئی ، جنازہ میں  آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور  نے شرکت کی ۔

تھانہ اچھرہ میں تعینات کانسٹیبل محمد ارشد نے منشیات فروش کی فائرنگ سے جام شہادت نوش کیا ۔ آئی جی پنجاب نے کانسٹیبل محمد ارشد کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی، پھولوں کی چادر چڑھائی۔کانسٹیبل محمد ارشد کی روح کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی گئی ۔ پولیس کے چاک و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی ۔

  آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کانسٹیبل محمد ارشد کی لازوال قربانی کو خراج تحسین  پیش کیا اور کہا کہ کانسٹیبل محمد ارشد نے فرض کی راہ میں جان کا نذرانہ پیش کرکے محکمہ کا سر فخر سے بلند کیا ۔

کانسٹیبل محمد ارشد کا تعلق ضلع  ننکانہ سے ہے ، اہل خانہ میں اہلیہ اور چار بیٹے شامل ہیں ،آئی جی پنجاب کے شہید کے اہل خانہ سے ملاقات، کفالت میں مکمل تعاون کا یقین دلایا ۔