اسلام آباد ،05 جنوری ( اے پی پی ):لیک ویو پارک اسلام آباد کا ایک مشہور و مقبول سیاحتی مقام ہے، جو راول جھیل کے کنارے پر واقع ہے اور سیاحوں کے لئیے بھرپور دلچسپی کا حامل تفریحی مقام ہے ۔
لیک ویو پارک کی مقبولیت اور کشش راول جھیل کی وجہ سے ہے۔راول جھیل ایک مصنوعی جھیل ہے جو مارگلہ کی پہاڑیوں سے آنے والے چھوٹے چھوٹے ندی نالوں کو ملا کر 8.8 مربع کلومیٹر کے علاقے پر بنائی گئی ہے۔یہ راولپنڈی اور اسلام آباد کے شہریوں کے لیے پانی کی فراہمی کا ایک مصنوعی ذخیرہ ہے۔
لیک ویو پارک، راول جھیل کے کنارے ایک الگ تھلگ حصے کے اندر واقع ہے۔ جھیل کے ارد گرد کے علاقے میں پھول درخت، باغات اور پکنک اسپاٹ کی جگہ بھی موجود ہے۔
کچھ عرصہ قبل اسلام آباد اور راولپنڈی کے رہائشی اور سیاح یہاں مچھلی کے شکار اور کشتی رانی سے لطف اندوز ہوتے تھے مگر حال ہی میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے راول ڈیم/لیک ویو پارک و دیگر ندی نالوں میں کشتی رانی پر دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔
لیک ویو پارک اسلام آباد میں ایک بہت ہی خوبصورت برڈز پارک بھی بنایا گیا ہے جو کہ تقریباً 3.8 ایکڑ زمین پر مشتمل ہے اور دنیا کا تیسرا بڑا واک ان برڈز آئیوری ہے جس میں تقریبا 280 اقسام کے 4,000 سے زیادہ پرندے ہیں جو کہ یہاں سیرو تفریح کے لئے آنے والوں بچوں اور بڑوں کے لئے خصوصی دلچسپی کا حامل ہے۔
پارک کے اندر ایک تالاب بھی ہے، جہاں پرندے تیراکی کرتے ہیں،اسلام آباد برڈ ایویری کا افتتاح 2013 میں ہوا۔ اس پروجیکٹ کا آغاز سی ڈی اے نے کیا جو پانچ سال کی مدت میں تیار کیا گیا ہے۔ یہاں پر انواع و اقسام کے کبوتر، تیتر، مور،بطخیں، شتر مرغ، بلیو رنگ نیک پیرٹ ،ریڈ لوری،بلیو اینڈ یئلو میکاؤ، کیمیو پیکوک، پیلی کان ، وکٹوریہ کروانڈ پیجن، وائیٹ سوان ، کراؤن کرین ، گرین جاوا پیکاک اور پونی ہارس پائے جاتے ہیں۔
پرندوں کے رہنے کے لئیے یہاں بڑے اور اونچے ہوادار پنجرے بناۓ گئے ہیں تاکہ وہ آزادی کے ساتھ اڑ سکیں, یہاں آ کر محسوس ہوتا ہے کہ یہ پرندے انسانوں کے ساتھ بہت مانوس ہیں اور لوگوں کی کثیر تعداد کو اپنے گرد پا کر اس گہما گہمی اور چہل پہل میں بھی انھیں کوئی ڈر خوف محسوس نہیں ہوتا۔