اسلام آباد، 23 جنوری (اے پی پی): تعلیم کی اہمیت اور اس کے مقاصد کو اجاگرکرنے کے لیے عالمی سطح پر بین الاقوامی یوم ِتعلیم (انٹرنیشنل ڈے ا ٓف ایجوکیشن) ہر سال 24 جنوری کو منایا جاتا ہے۔جس کا مقصد دنیا بھر میں امن، رواداری اور مذہبی ہم آہنگی میں تعلیم کے اہم کردار کو اجاگر کرنا ہےاس سال چھٹا یوم ِتعلیم منایا جا رہا ہے۔ وفاقی تعلیمی بورڈ نے بھی امن اور تعلیم کے پیغا م کو فروغ دینے کے لیے اس انگریزی تقریری مقابلے بعنوان ”لرننگ فار لاسٹنگ پیس” کا انعقاد کیا۔مقابلے میں فیڈرل بورڈ سے الحاق شدہ تعلیمی اداروں کے طلبا و طالبات نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ حصہ لیا۔
مہمانِ خصوصی چیئرمین فیڈرل بورڈ قیصر عالم نےکہا کہ امن قائم کرنے کے لیے تعلیم کی اہمیت تو ہے ہی اس کے ساتھ ساتھ موجودہ دور کی اہم ضرورت ٹیکنالوجی کا مثبت استعمال بھی بہت مفید ہے۔
ڈئریکٹر ریسرچ مرزا علی نے تقر یب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ فیڈرل بورڈ کی بنیادی ذمہ داری امتحا نات کا انعقاد ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ بچوں کی شخصیت کی مضبوطی اور ان کی دیگر صلاحیتوں میں نکھار لانے کے لیے ایسے مقابلہ جات بھی منعقد کیے جاتے ہیں۔مزید برآں ہار جیت اہم نہیں آپ کی شمولیت اہم ہے اور حصہ لینے والے سب بچے فاتح ہیں۔
مقابلہ جات میں پہلی علیزہ احمد، ایر فورس سیکورٹی فورسسز پبلک سکول، اسلام آباد،عشباہ خان، اے پی ایس فورٹ روڈ، راولپنڈی نے دوسری اورعبدالرحمن، رینجر کیڈٹ کالج، چکری، راولپنڈی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
مہمانِ خصوصی چیئرمین فیڈرل بورڈ قیصر عالم نے بچوں میں اسناد اور نقد انعامات تقسیم کیے اور ان کو اتنے اہم موضوع پر اتنی عمدگی اور جانفشانی سے تقاریر تیار کرنے اور اس موضوع پر مدلل انداز میں لب کشائی کرنے پر مبارکباد پیش کی۔اس موقع پر“پیک سکول” کے طلبہ نے خصوصی ٹیبلو پیش کیا۔تقریب کے اختتام میں قومی ترانہ بھی پیش کیا گیا۔