مقامِ کار پر سازگار ماحول سے خصوصی افراد اپنی صلاحیتیں منوا سکتے ہیں؛ صدر مملکت

29

کراچی،29جنوری(اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ معذوری کے حامل افراد کی معاشی سرگرمیوں میں شمولیت  ملکی ترقی کیلئے ناگزیر ہے، مقام کار پر سازگار ماحول سے خصوصی افراد اپنی صلاحیتیں منوا سکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے پیر کو یہاں گورنر ہاؤس میں مجید عزیز کی قیادت میں ان سے  ملاقات کی۔  وفد نے صدر مملکت کو بزنس ڈس ایبلٹی نیٹ ورک کے قیام کے بارے میں بتایا۔ وفد نے پیشہ وارانہ سیفٹی ، صنفی مساوات اور لیبر مارکیٹ میں خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے فیڈریشن کے کردار کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کو خصوصی افراد کیلئے نوکریاں پیدا کرنے کیلئے تعاون کرنا چاہئے ، معذوری کے حامل افراد کی معاشی سرگرمیوں میں شمولیت  ملکی ترقی کیلئے ناگزیر ہے۔

 صدر مملکت نے کہا کہ کام کی جگہ پر سازگار ماحول سے خصوصی افراد یکساں طور پر اپنی صلاحیتیں منوا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقام کار  پر خصوصی افراد کی شمولیت  اور اس حوالے سے شعور میں اضافہ ہورہا ہے، حالیہ برسوں میں برسرِ روزگار خواتین کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ مقام کار پر انسدادِ ہراسیت  کے قوانین اور بہتر ماحول برسرِ روزگار خواتین کی تعداد میں اضافے کی وجہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں نوکریاں اور ریونیو پیدا کرنے کی بڑی صلاحیت ہے، فیڈریشن انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے پر خصوصی توجہ مرکوز کرے۔

 صدر مملکت نے ہنر مند افرادی قوت کی پاکستان اور  بیرون ملک قبولیت کیلئے نیشنل سکلز پاسپورٹ پروگرام  کو  بھی سراہا۔ انہوں نے معذوری کے حامل افراد کی ورک فورس میں شمولیت پر توجہ دینے پر فیڈریشن کی کوششوں کی تعریف کی۔