جدہ ، 15 جنوری (اے پی پی ): آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر لطیف اکبر نے کہا ہے کہ کشمیرکے اندرجوظلم ہورہا ہے وہ دنیا کے کسی حصہ میں کسی کو نظر نہیں آ رہا ہے۔ کشمیر میں بمباری نہیں ہورہی ہے لیکن وہاں لوگ بمباری سے زیادہ ہندوستانی فوج کا ظلم وستم سہہ رہے ہیں۔ عورتوں، بچوں اورمردوں کو بے دردی سے مارا جا رہا ہے ۔
یہ بات جدہ میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر لطیف اکبر نے کشمیر اورسیزکمیٹی کیجانب سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے عشایہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ پورے مقبوضہ کشمیر میں بے شمارافراد کو گھروں میں قید رکھا ہوا ہے، جنازوں تک کو نہیں بخشا، اسے بھی نشانہ بنایا جاتا ہے ۔
لطیف اکبر نے پاک سعودی تعلقات کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سعودی حکومت نے ہمیشہ پاکستانیوں کے ساتھ شفقت اور ہمدردی کا مظاہرہ کیا ہے، کشمیر کے معاملے میں پاکستان کاساتھ دیا ہے اور پاکستان کی معاشی استحکام میں بھی بڑا ساتھ دیا ہے۔ انھوں نے جموں کشمیر کمیٹی اوورسیز کے تمام عہداروں اور ممبران کا شکریہ ادا کیا۔
آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر لطیف اکبر نے پاکستانیوں سے ا پیل کی کہ وہ پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات میں بھرپور حصہ لیں۔
تقریب سے انجینئر عارف مغل، چودھری تصور حسین، چودھری اکرم گجر، جان گلزار، سابق وفاقی وزیرچودھری شہبازحسین اور سردارعنایت اللہ عارف نے بھی خطاب کیا۔