اسلام آباد ، 31 جنوری( اے پی پی ): وزیر توانائی محمد علی نے کہا ہے کہ پائیدار اقتصادی ترقی اور بڑھتی ہوئی قومی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے پاکستان میں منرلز ، کول اور لیتھیئم کے ذخائر کی دریافت اور قابل تجدید توانائی کی منتقلی کو فروغ دینے کے لئے پالیسی فریم ورک کی ضرورت ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں آئل اینڈ گیس منرل سیکٹر ایکسپو “فیولنگ فیچرز ” کے عنوان سے منعقدہ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سستی اور ماحول دوست توانائی کی اشد ضرورت ہے۔
وزیر توانائی محمد علی نے کہا کہ سستی اور پائیدار توانائی کے منصوبوں پر کام ہماری ترجیحات میں شامل ہے ،ہمیں آج یہ سوچنا ہو گا کہ 2030,2040,2050 تک ہم ماحولیاتی تحفظ اور تبدیلیوں سے کسطرح نبرد آزما ہوں گے۔
کانفرنس میں قابل تجدید توانائی کے شعبے میں کام کرنے والے سرکاری اور نجی شعبے کے ماہرین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔