اسلام آباد،24جنوری(اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنانے کیلئے زندگی کے ہر شعبے میں خواتین کو بااختیار بنانا ضروری ہے۔ بدھ کو یہاں ایوان صدر میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( ایل سی سی آئی )کے زیر اہتمام خواتین کاروباری شخصیات کی خدمات کے اعتراف کے لئے منعقدہ پہلی ایل سی سی آئی وومن انٹرپرینیورز ریکگنیشن تقریب 2024 سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے خواتین کو بااختیار بنانے میں لاہور چیمبر کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایل سی سی آئی پہلا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ہے جس نے کاروباری خواتین کے لیے ایوارڈز کا اہتمام کیا اور دیگر چیمبرز کو بھی خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ایسا ہی کردار ادا کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ ایل سی سی آئی کو چاہیے کہ وہ خواتین کی تربیت اس طرح کرے کہ وہ دنیا میں کہیں بھی کام کرنے کے قابل ہو سکیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ ایل سی سی آئی نے خاتون اول بیگم ثمینہ علوی کی طرف سے شروع کردہ چھاتی کے کینسر اور خصوصی افراد کے حقوق بارے میں آگاہی مہم سمیت مختلف پروگراموں میں تعاون پر مبنی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کے ٹھوس شواہد موجود ہیں کہ آگاہی پروگرام کی وجہ سے خواتین میں بیماری کی جلد تشخیص ہو رہی ہے جو اس مہلک مرض کے علاج کے حوالے سے بہت اہم ہے۔ صدر نے کہا کہ ایک خاتون ہونے کے ناطے ان کی اہلیہ خاتون اول ثمینہ علوی نے سیاست اور دیگر کاموں میں ان کی بہت مدد کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں خواتین اکثر شادی کے بعد اپنا پیشہ چھوڑ دیتی ہیں جس کا مطلب ہے کہ وہ ملکی وسائل کو ضائع کر رہی ہیں۔ صدر نے ایسی خواتین پر زور دیا کہ وہ اپنا پیشہ نہ چھوڑیں اور ملک کی ترقی کے لیے مل کر کام کریں۔ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں ڈھائے جانے والے مظالم کا ذکر کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ اس بحران کے دوران خواتین سب سے زیادہ متاثر ہوئیں۔ قبل ازیں صدر مملکت نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر خواتین کاروباری شخصیات کو ان کی خدمات پر ایوارڈز سے نوازا۔ اس موقع پر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور نے کہا کہ جب تک حکومت خواتین کو مناسب ماحول فراہم نہیں کرتی وہ تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبے میں بھرپور کردار ادا نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے وزارت تجارت پر زور دیا کہ وہ کاروباری خواتین کو زیادہ سے زیادہ ترغیبات فراہم کرے تاکہ کاروباری سرگرمیوں میں حصہ لینے کے لیے ان کی حوصلہ افزائی ہو سکے، اس سلسلے میں حکومت کاروبار کے شعبہ سے وابستہ خواتین کو ٹیکسوں میں زیادہ سے زیادہ سبسڈی فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر خواتین کے لیے تربیت کا انتظام بھی کر رہا ہے تاکہ وہ ای کامرس پلیٹ فارمز کے ذریعے دنیا بھر میں اپنی مصنوعات فروخت کے لئے پیش کر سکیں۔