میو ہسپتال ایمرجنسی بلاک کے اپ گریڈیشن کے کاموں کا معائنہ، آپریشن تھیٹرز کا وزٹ کیا، کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا:محسن نقوی

17

 

لاہور،15 جنوری( اے پی پی ): شدید سردی اور دھند میں بھی عوامی خدمت کا سفر،وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے صوبائی کابینہ کے ہمراہ رات گئے سے صبح تک عوام کی سہولت کے لئے جاری 6 منصوبوں کے 6گھنٹے تک مسلسل دورے کئے۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے شاہدرہ فلائی اوورز پراجیکٹ کے شاہدرہ چوک، امامیہ کالونی فلائی اوورپراجیکٹ، کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور بند روڈ، میوہسپتال  کے ایمرجنسی کی اپ گریڈیشن کے پراجیکٹ، بی بی پاکدامن مزار کی تزئین و آرائش و توسیعی پراجیکٹ اور قربان لائنز میں پولیس کے اپارٹمنٹس کے پراجیکٹ کا رات 10بجے سے صبح 4بجے تک دورے کرکے پیشرفت کاجائزہ لیا۔ شاہدرہ چوک کی اطراف کی سڑکیں 100 فیصد مکمل ہو گئی ہیں جبکہ خوبصورت پودے لینڈ سیکپنگ اور ڈرینج کا کام بھی 100فیصد پورا ہوگیاہے۔ وزیراعلی محسن نقوی نے صوبائی وزراء کے ہمراہ شاہدرہ چوک کی بیوٹیفکیشن کے کاموں کا معائنہ کیا اور شاہدرہ چوک فلائی اوورز پراجیکٹ کے 100فیصد کام مکمل ہونے پر کنٹریکٹر، کمشنر و ڈی جی ایل ڈی اے و ڈی جی پی ایچ اے کو شاباش دی۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اطراف کی سڑکوں کا معائنہ کیا اور اعلیٰ معیار کو سراہا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے لینڈ سیکپنگ کی تعریف کی اورکہاکہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ آج شاہدرہ چوک گلبرگ جیسا خوبصورت ہوگیاہے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بند روڈ پراجیکٹ 2سال کا پراجیکٹ تھا،جسے 120دنوں میں مکمل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ اسفالٹ ڈالنے کے لئے ایک مخصوص درجہ حرارت درکارہوتاہے، موسم کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے۔ آئندہ 72 گھنٹے میں صحافیوں کو خوشخبری سنائیں گے۔ پورے پنجاب کے پروفیشنل صحافیوں کو خوشخبری دیں گے۔ جن پریس کلب ز کو فنڈز نہیں ملے انکو بھی دئیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے تعمیراتی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا، کمروں، کچن او رواش رومز دیکھے، ٹائلز کی کوالٹی چیک کی۔انسپکٹر جنرل پولیس اور سیکرٹری تعمیرات و مواصلات نے منصوبے پر ہونے والی پیشرفت میں وزیراعلیٰ محسن نقوی کو بریفنگ دی۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کاموں کو اعلی معیار کے ساتھ جلد از جلد مکمل کیا جائے۔صوبائی وزراء ایس ایم تنویر، منصور قادر، عامر میر،اظفر علی ناصر،بلال افضل، مشیر وہاب ریاض،انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور، سی سی پی او،ڈی آئی جی ٹیلی کمیونیکیشن، ایڈیشنل آئی جی ڈویلپمنٹ،سیکرٹری تعمیرات و مواصلات،کمشنر لاہورڈویژن اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔