اسلام آباد،12 جنوری(اے پی پی ): ماہ رجب المرجب ۱۴۴۵ھ کا چانددیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج منعقد ہوا،علاوہ ازیں پاکستان بھر میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ان کے متعلقہ ہیڈ کوارٹرزاسلام آباد،کوئٹہ، پشاور،کراچی میں منعقد ہوئے، جس میں مرکزی و زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے ممبران اور فنی ماہرین نے شرکت کی۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کے مطابق آج پاکستان کے اکثر و بیشتر مقامات پر مطلع ابر آلود رہا اور کچھ مقامات پر مطلع صاف بھی رہا۔ پاکستان کے مختلف مقامات سے ماہ رجب المرجب کا چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں ہیں جن میں نواب شاہ،تھرپارکر،عمرکوٹ کنری، چھور،بدین،حیدر آباد،پسنی،وندر بلوچستان اور دیگر مقامات پر چاند نظر آگیا ہے۔لہٰذا اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ یکم رجب المرجب ۱۴۴۵ھ کا پہلا دن بمطابق13جنوری 2024ءبروزہفتہ ہوگا۔
اجلاس کے آخر میں عالم اسلام کے اتحاد، ملک پاکستان کی سلامتی و استحکام‘ ترقی و خوشحالی،اتحادووحدت کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔