لاہور، یکم جنوری( اے پی پی ):نگران صوبائی وزیر محکمہ صحت و سوشل ویلفیئراینڈ بیت المال کی زیر صدارت پنجاب ویلفیئر ٹرسٹ فار دی ڈس ایبلڈ کے بورڈ آف گورنرز کا 32 واں اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال ظہور حسین، ایڈیشنل سیکرٹری عامر شفیق، پروفیسر ڈاکٹر محمود شوکت، ڈپٹی سیکرٹری فنانس صائمہ صادق، ظفر عباس لک، ڈائریکٹر پروگرامز ڈاکٹر اظہار و دیگر ممبران نے شرکت کی۔نگران صوبائی وزیر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے اس موقع پر بورڈ آف گورنرز کے 31 ویں اجلاس کے منٹس کی منظوری دے دی۔ڈائریکٹر پروگرامز ڈاکٹر اظہار نے نگران صوبائی وزیر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم کو پنجاب ویلفیئر ٹرسٹ فار دی ڈس ایبلڈ کی ورکنگ بارے بریفننگ دی۔نگران صوبائی وزیر محکمہ صحت و سوشل ویلفیئراینڈ بیت المال پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس کے دوران پنجاب ویلفیئر ٹرسٹ فار دی ڈس ایبلڈ کے تمام اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے۔ پنجاب ویلفیئر ٹرسٹ فار دی ڈس ایبلڈ صرف اور صرف ڈفرنٹلی ایبلڈ افراد کی بحالی کیلئے کام کرتا ہے۔پی ڈبلیو ٹی ڈی اس وقت پنجاب کے بائیس اضلاع میں خدمات سر انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب ڈفرنٹلی ایبلڈ افراد کی بحالی کیلئے تمام تر وسائل بروئے کارلانا چاہتی ہے۔پنجاب ویلفیئر ٹرسٹ فار دی ڈس ایبلڈ کا دائرہ کار پورے صوبے تک بڑھایا جائے گا۔پنجاب ویلفیئر ٹرسٹ فار دی ڈس ایبلڈ کے سیکرٹریٹ کو سولر انرجی پر منتقل کیا جائے گا۔