کوئٹہ 3جنوری(اے پی پی)چیئرمین رویت ہلال کمیٹی پاکستان خطیب بادشاہی مسجد لاہور اور چیئرمین مجلس علماء پاکستان مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل سید حافظ عاصم منیر کا وطن عزیز کے تحفظ، امن و استحکام اور دہشت گردی کے خاتمے کا بیان پوری پاکستانی قوم کے جذبات کی ترجمانی کرتا ہے۔
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے نیو ائیر نائٹ پر پابندی لگا کر غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا ثبوت دیا ہے، بلوچستان کے عوام غیور، ایماندار اور محب وطن ہے، بلوچستان کے لوگوں نے ہمیشہ پاکستان کے لیے عظیم قربانیاں پیش کی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں مجلس علماء پاکستان کے زیراہتمام پیغام پاکستان امن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
چیئرمین رویت ہلال کمیٹی پاکستان خطیب بادشاہی مسجد لاہور اور چیئرمین مجلس علماء پاکستان مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ پاکستان اسلام کا قلعہ ہے، افواج پاکستان اور سیکورٹی اداروں نے پاکستان کی سلامتی و دفاع کے لیے بے مثال قربانیاں دیکر وطن کے دفاع کو مضبوط بنایا ہے، پاکستان کے تحفظ وسلامتی کے لیے تمام علماء کرام اور پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج اور سیکورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے،پیغام پاکستان وہ عظیم بیانیہ اور فتویٰ ہے جس کو علماء کرام و مشائخ عظام منبر ومحراب کے ذریعے ہر گھر کی آواز بنادینگے، پاکستان کی سلامتی وتحفظ کے لیے ہم سب ایک ہیں اور اپنی بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور اپنے ملک کو مضبوط و مستحکم بنائیں گے۔
مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے نیو ائیر نائٹ پر پابندی لگا کر غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ اظہاریکجہتی کا ثبوت دیا ہے، کانفرنس کے آخر میں ملکی سلامتی، ترقی و خوشحالی، عالم اسلام کے اتحاد، حرمین شریفین کے تحفظ، غزہ و فلسطین کے مسلمانوں اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعاء کی گئی۔