نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے صدر روٹری انٹرنیشنل سٹیفینی ارچک کی سربراہی میں وفد کی ملاقات

10

اسلام آباد,26جنوری (اے پی پی):نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ہمارا عزم ہے کہ ملک میں ہر بچہ پولیو سے محفوظ ہو،حکومت پاکستان روٹری انٹرنیشنل کے پروگرامز میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے صدر روٹری انٹرنیشنل سٹیفینی ارچک کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں تھومس اینتھونی گمپ، محمد فیض قدوائی،  عبد العزیز میمن اور مسرور شیخ شامل تھے۔ وفد نے نگران وزیراعظم کو پاکستان سمارٹ ویلیج پروگرام اور انسداد پولیو کے حوالے سے روٹری انٹرنیشنل کی کارکردگی پر بریفنگ دی۔ نگران وزیراعظم نے سٹیفینی ارچک کو روٹری انٹرنیشنل کی پہلی خاتون صدر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے روٹری انٹرنیشنل کی پاکستان میں انسداد پولیو،تعلیم اور دیگر شعبوں کے لئے خدمات کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انسداد پولیو کے لئے عالمی برادری اور ترقیاتی اداروں کے کردار کو سراہتے ہیں ، ہمارا عزم ہے کہ ملک میں ہر بچہ پولیو سے محفوظ ہو ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان روٹری انٹرنیشنل کے پروگرامز میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی، امید ہے کہ روٹری انٹرنیشنل پاکستان میں  اپنے پروگرامز کی رسائی میں اضافہ کرے گی ۔ وفد نے نگران وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا کہ روٹری پاکستان سمارٹ ویلیج پروگرام جدت اور ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھاتے ہوئےمعیار زندگی بہتر بنانے میں مدد دے گا، غریب ترین طبقے کے لئے شروع کئے گئے یہ سمارٹ ویلیج  زراعت کو فروغ دینے، قابل تجدید توانائی کے نظام سے فائدہ اٹھانے، نکاسی آب کے انتظام کو بہتر بنانے، پینے کے پانی کی فراہمی اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ نگران وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ روٹری انٹرنیشنل پاکستان میں 8 لاکھ کتابیں عطیہ کر چکا ہے جس میں سے 2 لاکھ کتابیں صرف صوبہ بلوچستان میں تقسیم کی گئی ہیں۔ وفد نے وزیراعظم کو 10 ہزار مزید کتابوں کا تحفہ پیش کیا جو ملک کے مختلف علاقوں میں تقسیم کی جائیں گی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان کے دور دراز علاقوں میں روٹری انٹرنیشنل کی موبائل لائبریریز کتب بینی کے فروغ اور خواندگی بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ملاقات میں نگران وفاقی وزیر قومی صحت ڈاکٹر ندیم جان اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔