نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ  سے بل گیٹس کی ملاقات ، پاکستان بھر میں سماجی تعاون کے فوائد کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور

57

ڈیووس،17جنوری (اے پی پی):نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے ورلڈ اکنامک فورم کے 54ویں سالانہ اجلاس کے موقع پر بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس سے ملاقات کی ،پاکستان میں سماجی تعاون کے متعدد اقدامات پر تبادلہ خیال کیا اور ملک بھرمیں کوششوں کو بڑھاتے ہوئے ان کے ثمرات  کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

  بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق   نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے پاکستان کے ساتھ  خاص طور پر صحت عامہ، سماجی اقدامات اور مالیاتی شمولیت جیسے شعبوں میں اس کے اہم تعاون کے ساتھ ساتھ کورونا وبا اور  2022 کے سیلاب کے دوران تعاون کو سراہا۔

وزیر اعظم اور بل گیٹس نے پاکستان میں سماجی تعاون کے متعدد اقدامات پر تبادلہ خیال کیا اور  ملک بھر میں کوششوں کو بڑھاتے ہوئے  ان کے ثمرات  کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیر اعظم نے غربت اور غذائی قلت سے نمٹنے کے لئے حکومت کی مشترکہ کوششوں کا بھی خاکہ پیش کیا۔