لاہور، 31 جنوری ( اے پی پی ): نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی رات گئے بند روڈ پہنچ گئے کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور بند روڈ منصوبے کا 3 گھنٹے طویل دورہ کیا۔وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے بابو صابو ٹول پلازہ کو کشادہ کرنے کے پراجیکٹ کا بھی معائنہ کیا۔
وزیراعلیٰ نے 8 کلو میٹر طویل پورے پراجیکٹ کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور نیازی چوک سے سگیاں تک پیکج ون اور سگیاں سے بابو صابو تک پیکج ٹو پر جاری کاموں کا معائنہ کیا۔
نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے زیر تعمیر پلوں پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا اور کہا کہ پیکج ٹو اور ٹول پلازہ پر کام کی رفتار سست ہے۔ فوری طور پر رفتار بڑھائی جائے۔ منصوبے کی تکمیل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
انہوں نے منصوبے کے اطراف سٹرکوں کے ساتھ تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کا حکم دیا اور کہا کہ رات کو بھی ٹول پلازہ پر کام جاری رکھا جائے۔ کمشنر و ڈی جی ایل ڈی اے اور کنٹریکٹرز نے منصوبے پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی۔صوبائی وزراءعامر میر،اظفر علی ناصر، کمشنر لاہور، چیف انجینئر ایل ڈی اے اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔