لاہور۔6جنوری (اے پی پی):جنرل ہسپتال کے ایمرجنسی بلاک کی اپ گریڈیشن پراجیکٹ کا مجموعی طور پر 80 فیصدورک مکمل کر لیا گیا ۔وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی گزشتہ رات گئے شدید سردی میں ایمرجنسی بلاک کی اپ گریڈیشن پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لینے جنرل ہسپتال پہنچے۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ایمرجنسی بلاک کا 2 گھنٹے تک دورہ کیا اوراپ گریڈیشن کے کاموں کا جائزہ لیا۔
وزیر اعلیٰ چاروں فلور پر گئے اور جاری تعمیراتی سرگرمیوں کامشاہدہ کیا۔ ایمرجنسی بلاک کے 2 فلور 20 جنوری سے قبل مکمل کر لئے جائیں گے جبکہ31 جنوری تک دیگر 2 فلور بھی مکمل ہو جائیں گے۔ محسن نقوی نے رات گئے کام میں مصروف مزدوروں سے مصافحہ کیا اور کام کے اوقات کار کے بارے پوچھا۔
وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ ایمرجنسی بلاک کی عمارت کے فرنٹ کو بہتر بنایا جائے اور اس ضمن میں سیکرٹری تعمیرات ومواصلات کو ضروری ہدایات بھی دیں۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کیلئے ایمرجنسی بلاک کو جلد از جلد مکمل کرکے کھول دیا جائے گا۔اپ گریڈڈ ایمرجنسی بلاک میں جدید طبی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے بائیو گیس اوراے سی کیلئے وائرنگ کے کام کا جائزہ لیا اور تعمیراتی سرگرمیوں میں تیزی لانے کا حکم دیا۔ سیکرٹری تعمیرات و مواصلات اور سیکرٹری صحت نے اپ گریڈیشن کے کاموں اور تکمیل کے بارے میں بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، کمشنر، سی سی پی او، ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔