لاہور،5جنوری ( اے پی پی ) : نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے بورڈ کا اجلاس ہوا۔
پی آئی سی بورڈ ممبرز نےرفتار اور معیار کے ساتھ ایمرجنسی کی 6 ہفتے کی ریکارڈ مدت میں اپ گریڈیشن پر وزیر اعلیٰ محسن نقوی کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ محسن نقوی کی صحت کے شعبے میں غیر معمولی اصلاحات مثالی ہیں، حیران کن رفتار کے ساتھ ایمرجنسی کی اپ گریڈیشن کا کام مکمل کرایا۔
اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ ایمرجنسی کی اپ گریڈیشن میں پوری ٹیم نے دن رات کام کیا،6 ہفتے میں ایمرجنسی کی اپ گریڈیشن ناممکن کام تھا،انہوں نے کہا کہ فرینڈز آف پی آئی سی کی ایمرجنسی کو بھی بہتر بنائیں گےنگران وفاقی وزیر گوہر اعجازاورفرینڈز آف پی آئی سی کے تعاون سے سرائے بھی بنا رہے ہیں۔ تنقید کے باوجود آپریشن تھیٹرز بند رکھے اور انفکشن فری بنایا۔پی آئی سی کی سٹیٹ آف دی آرٹ نئی لیب کا پلان بنایا ہےجو مین دروازے کے قریب بنے گی۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے پی آئی سی میں بائی پاس آپریشن میں غیر معمولی تاخیر اورسرجنزکی کمی دور کرنے کے لیے پلان طلب کر لیا اور کہا کہ اس ضمن میں قابل عمل سفارشات پیش کی جائیں جن پرفوری عملدر آمد ہوسکےپی آئی سی میں سرجنز کی کمی کو دورکرنے کیلئے جو ممکن ہوسکا کریں گے۔
صوبائی وزراء ڈاکٹر جاوید اکرم،عامر میر، بلال افضل،ڈاکٹر جمال ناصر،چیف سیکرٹری،چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ،سیکرٹری صحت، سی سی پی او،سیکرٹری خزانہ،کمشنر لاہور،چیئرمین پی آئی سی بورڈ ڈاکٹر فرقد عالمگیر،ایگزیکٹو ڈائریکٹر پی آئی سی ڈاکٹر جلال،بورڈ ممبر احسن رشید اوردیگر بورڈممبران نے اجلاس میں شرکت کی۔