نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی پی آئی سی آمد، سٹیٹ آف دی آرٹ نئی ایمرجنسی کا افتتاح کر دیا

17

لاہور4جنوری ( اے پی پی ) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی پی آئی سی آمد، سٹیٹ آف دی آرٹ نئی ایمرجنسی کا افتتاح کر دیا چھ ہفتے کی ریکارڈ مدت میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی ایمرجنسی مکمل طور پر نئی ہوگئی۔مریضوں کا ریکارڈ جدید ترین کمپیوٹرائزڈ نظام کے ذریعے ہمیشہ کے لیے محفوظ کیا جائے گا۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی مسلسل مانیٹرنگ اوردوروں سے ایمرجنسی کی اپ گریڈیشن کے کام کوریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا۔وزیراعلی محسن نقوی نے اپ گریڈ ہونے والی ایمرجنسی کا تفصیلی دورہ کیا،دل کے مریضوں کے لئے فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ لیا۔ آئی سی یو، ایکو روم اور دیگر سہولتوں کا معائنہ کیا۔

وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے نئے بیڈز کا معیار چیک کیا ، خصوصی افراد کے لئے مخصوص واش رومز بنانے کی ہدایت کی اور استقبالیہ پر مریضوں کی آمد سے علاج معالجے تک کے نئے وضع کردہ نظام کا مشاہدہ کیا۔انہوں نے کوریڈور سے ملحقہ جگہ پر مزید پودے رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ہر بیڈ پر کارڈیک مانیٹرنگ سسٹم کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ سیکرٹری صحت، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، کمشنر و ڈی جی ایل ڈی اے، ہسپتال انتظامیہ اور ان کی پوری ٹیم کی کارکردگی پر شاباش دیتا ہوں۔

 صوبائی وزراءڈاکٹر جاوید اکرم،عامر میر،بلال افضل، ڈاکٹر جمال ناصر،چیف سیکرٹری، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ،سیکرٹریز، تعمیرات و مواصلات، سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، خزانہ،سی سی پی او لاہور،کمشنر لاہور ڈویڑن و ڈی جی ایل ڈی اے،چیئرمین بورڈ آف گورنرز پی آئی سی ڈاکٹر فرقد عالمگیر، ایگزیکٹو ڈائریکٹر پی آئی سی پروفیسر ڈاکٹر انجم جلال، آل بورڈ ممبرز اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔