نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر صوبائی وزیر ہاﺅسنگ کا شاہدرہ چوک کا دورہ، ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا

13

لاہور4جنوری(اے پی پی): نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر صوبائی وزیر ہاوسنگ اظفر علی ناصر نے رات گئے شاہدرہ چوک کا دورہ کیا۔ صوبائی وزیر نے شاہدرہ چوک پر جاری ترقیاتی کاموں اور سڑکوں کے اطراف بیوٹیفیکیشن کے کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔اظفر علی ناصر شاہدرہ چوک کے اطراف سڑکوں کی تعمیر اور بیوٹیفکیشن کے کاموں میں تاخیر پر حکام پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔

 صوبائی وزیر اظفر علی ناصر نے موقع پر ہی پی ایچ اے اور متعلقہ حکام کو جھاڑتے ہوئے کہا کہ باتیں نہیں کام کریں۔انہوں نے کہا کہ بار بار غلط بیانی کی جارہی ہے کہ کام مکمل ہے۔ آنکھیں کھول کر دیکھیں کونسا کام مکمل ہے؟۔ انہوں نے کہا کہ جس نے کام نہیں کرنا وہ گھر بیٹھ جائے۔ شاہدرہ چوک کے اطراف کام میں تاخیر سرا سر کوتاہی اور غفلت ہے۔

نگران صوبائی وزیر اظفر علی ناصر نے کہا کہ متعلقہ حکام اپنا قبلہ درست کر لیں اور کام کو بلاتاخیر مکمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محسن نقوی پہلے ہی شاہدرہ چوک کے اطراف کاموں کا جائزہ لے چکے ہیں اور ایک دو روز میں دوبارہ دورہ کریں گے۔