کراچی۔ 23 جنوری (اے پی پی):عام انتخابات کی تیاریوں کی نگرانی کیلئے نگرن وزیراعظم کی قائم کردہ کمیٹی کا اہم اجلاس سندھ سیکریٹریٹ میں منگل کو منعقد ہوا۔ نگران وفاقی وزیر برائے مواصلات شاہد اشرف تارڑ کی سربراہی میں منعقد اجلاس میں چیف سیکرٹری سندھ ڈاکٹر محمد فخر عالم، نگران صوبائی وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر)حارث نواز، سیکریٹری داخلہ محمد اقبال میمن، ڈائریکٹر جنرل رینجرز میجر جنرل اظہر وقاص، آئی جی سندھ رفعت مختار راجہ اور کور فائیو کے نمائندے شریک ہوئے۔ اجلاس میں عام انتخابات کے لئے انتظامات اور سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ نے انتظامات جب کے ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ نے سکیورٹی صورتحال پرآگاہی دی۔
اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے نگراں وفاقی وزیر برائے مواصلات، میری ٹائم افیئرز اور ریلوے شاہد اشرف تارڑ نے کہا کہ اس کمیٹی کا بنیادی مقصد عام انتخابات 2024 کی سکیورٹی کی نگرانی اور انتخابات کا پرامن انعقاد ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عام انتخابات کے شفاف اور منظم انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات پر عملدرآمد کرانا ہے۔
نگران وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وفاقی انٹیریئر منسٹری میں الیکشن کے پر امن انعقاد کے لئے ایک الیکشن سیل بنایا گیا ہے جس میں تمام قانون نافز کرنے والے اداروں کے نمائندے شامل ہیں۔
اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ نے صوبائی حکومت کی عام انتخابات کی تیاریوں سے تفصیلی طور پر آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ سیلاب کی وجہ سے صوبے کے اسکولوں کو نقصان ہوا تھا جن کی مرمت کے لئے 1.5 ارب روپے جاری کئے گئے تھے، الیکشن کے انعقاد کے لئے بنائے گئے پولنگ اسٹیشن میں مسنگ فیسلٹیز کے لئے بھی 3 ارب روپے جاری کئے گئے ہیں، چیف سیکریٹری سندھ نے مزید کہا کہ 4 ہزار انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے جس کے لئے بھی فنڈز جاری کئے گئے ہیں۔
اجلاس میں سکیورٹی کے حوالے سے بتاتے ہوئے ڈی جی رینجرز سندھ میجرجنرل اظہر وقاص نے کہا کہ عام انتخابات کے لئے 10 ہزار رینجرز اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔ آئی جی سندھ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سکیورٹی کے لئے 1 لاکھ 22 ہزار پولیس اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔ پولیس کے ساتھ محکمہ اینٹی کرپشن، اینٹی انکروچمنٹ سمیت دیگر فورس بھی انتخابات کے عمل میں سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔