نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا ہے؛شاہین شاہ آفریدی

19

اسلام آباد،11 جنوری(اے پی پی): پاکستان  ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ سے پہلے 17 میچز ہیں پوری کوشش ہوگی عوام کی امیدوں پر پورا اتریں،سکواڈ میں نئے کھلاڑیوں کو بھی موقع دیا گیا ہے ، بابر اور رضوان بہترین اوپننگ جوڑی ہے ،بطور ٹیم ورلڈ کپ سے قبل اپنے کمبینیشن کو دیکھ رہے ہیں۔

نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ بطور ٹی ٹونٹی ٹیم پاکستان کے لیے بہت بہتر کھیلتے آرہے ہیں، بدقسمتی سے وہ نتائج سامنے نہیں آئے جس کی ہم امید کر رہے تھے۔بڑے ٹورنامنٹ میں چھوٹی چھوٹی غلطیاں ہوتی رہتی ہیں، کوشش ہے کہ آئندہ آنے والے میچز میں غلطیوں کو نا دہرایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ بابر کی فارم خراب ہے ،وہ بہترین ہیں ایک دو اننگز سے کوئی فرق نہیں پڑتا، بابر نے بطور کپتان اور کھلاڑی ملک کےلئے بہت بار پرفارم کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کمبینیشن میں تھوڑی بہت تبدیلیاں متوقع ہیں لیکن چاہتے ہیں کہ انگلینڈ کے دورے پر سب کھلاڑیوں کو اپنا کردار بخوبی پتہ ہو۔

اپنی فٹنس پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الحمدللہ میں بلکل فٹ ہوں، دو ٹیسٹ میچز میں باؤلنگ زیادہ ہونے اور فٹیک کی وجہ سے میڈیکل پینل سے بھی رائے کی تاکہ بڑے ایونٹ سے قبل انجری کا امکان نا ہو، صرف انجری سے احتیاط کو مدنظر رکھتے ہوئے آرام کا فیصلہ کیا ہے ورنہ ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا مجھے پسند ہے۔