اسلام آباد ، 31 جنوری (اے پی پی): آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے حریت کانفرنس کے کنونیئر محمود ساغر کے ہمراہ حریت کانفرنس کے آفس میں پریس ٹاک کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر سال پاکستانی قوم 5 فروری کویوم یکجہتی کشمیر مناتی ہے جس کے باعث مسئلہ مقبوضہ جموں و کشمیر دنیا بھر میں مزید اجاگر ہوتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے پروگرامات پر حریت قیادت سے بات ہوئی ہے، 5 فروری کو عام تعطیل اور کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں گی۔
چوہدری انوارالحق نے کہا کہ 5 فروری کو مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کی ریلیوں کا انعقاد ہوگا ، انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام بھارت کے 5 اگست کے اقدامات اور بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلوں کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے، بھارتی حکومت کو واشگاف الفاظ میں کہنا چاہتا ہوں کہ حق خودارادیت کا حصول ہماری منزل ہے، اس حق خودارادیت کو باہمی بات چیت سے بھی حل کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت ہٹ دھرمی سے باز آئے ورنہ دنیا بھر کے کشمیری اپنے حق خود ارادیت کیلئے تمام آپشن استعمال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے حق خودارادیت کے حصول کیلئے جموںو کشمیر حریت کونسل کے تحت آزادکشمیر بھر میں اجتماعات کریں گے ۔چوہدری انوارالحق نے کہا کہ اسلام آباد میں تمام سفارتکاروں سے بات چیت کریں گے اور بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کیلئے وفود روانہ کریں گے۔