لاہور،23جنوری (اے پی پی):سٹی ٹریفک پولیس لائنز مناواں میں سپیشل پروٹیکشن یونٹ کا خصوصی آپریشن روم قائم کردیاگیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے خصوصی آپریشن روم کا افتتاح کیا اور آپریشن روم میں جدید کیمروں کی مدد سے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے آپریشن روم میں موجود عملے سے ملاقات کی اور انہیں جانفشانی سے فرائض سرانجام دینے کی تلقین کی۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے آپریشن روم کے قیام کے اقدام کو سراہا، انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے آپریشن روم کے افعال کار اور کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت کمیٹی روم میں خصوصی اجلاس منعقدہوا۔ڈی آئی جی سپیشل پروٹیکشن یونٹ طیب حفیظ نے ایس پی یو کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔ بریفنگ کے دوران بتایاگیاکہ آپریشن روم 24/7 کام کررہاہے۔7959 ایس پی یو اہلکارغیر ملکیوں کی حفاظت پر مامور ہیں۔چینی قونصلیٹ کے تعاون سے ایس پی یو کے 378افسروں اور اہلکاروں کو چینی زبان سکھائی گئی ہے۔ انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور،چین کے ڈپٹی قونصل جنرل چاؤکی،سی سی پی او،ڈی آئی جی سپیشل پروٹیکشن یونٹ،سی ٹی او اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔