لاہور، 20 جنوری(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے شدید سردی میں رات گئے پنجاب کا بینہ کے ہمراہ لاہورچڑیا گھر کادورہ کیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی، صوبائی وزراء اوراعلی افسران نے لاہور چڑیا گھرکی اپ گریڈیشن کے کام پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے چڑیا گھر میں جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پارکنگ ایریاکا مشاہدہ کیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ریچھ ہاؤس، بندر ہاؤس اوردیگر جانوروں کے پنجروں کا معائنہ کیا۔بندر ہاؤس کے نئے پنجروں کی تعمیر کا کام آخری مراحل میں ہے۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی کو سیکرٹری وائلڈ لائف نے لاہور چڑیاگھرکے اپ گریڈیشن پلان پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لاہورچڑیا گھر کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ وزراء کے ساتھ کئی گھنٹوں مختلف وزٹ کررہے ہیں۔ مزار اقبال،بادشاہی مسجد،بی بی پاکدامن، ہسپتالوں اورلاہور چڑیا گھر کا دورہ کیا۔محکمہ جنگلات اورمحکمہ تعمیرات و مواصلات دن رات جان لگارہے ہیں کہ پراجیکٹ جلد از جلد مکمل ہوں۔ موسم ہمار اساتھ نہیں دے رہا، ٹھنڈ کی وجہ سے ایس ایل تھر ی اوربند روڈ پراجیکٹ کی تکمیل میں مسائل کا سامنا ہے۔سردی اوردھند کی وجہ سے ہم 24گھنٹے کام نہیں کرپارہے۔ پوری ٹیم اسی مشن پر ہے کہ ناممکن کو ممکن بنایاجائے،امید ہے کہ ٹیم سب ممکن کردکھائے گی۔ کچھ پراجیکٹ 31 جنوری، کچھ 5فروری اورکچھ10فروری تک مکمل ہورہے ہیں۔انشاء اللہ تمام پراجیکٹس مکمل کرکے جائیں گے۔
وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ لاہور زو اورسفاری زو میں 300جانور آرہے ہیں۔کوشش تھی کہ 31جنوری تک زو اپ گریڈیشن پراجیکٹ مکمل کر لیں لیکن چند دن مزید بھی لگ سکتے ہیں۔ پنجاب خصوصاً لاہور کے بچوں کو نیاچڑیا گھراورنئے جانور ملیں گے۔