لاہور،13جنوری (اے پی پی):نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے رات گئے شدید سردی میں نئے راوی پل پراجیکٹ کا تفصیلی دورہ کیا اور نائٹ شفٹ میں پل کی تعمیر کیلئے جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا اور اب تک ہونے والی پیشرفت کاجائزہ لیا۔
وزیر اعلی نے نئے راوی پل منصوبے کے تعمیراتی کاموں کامشاہدہ کیا، پائلنگ، ڈرلنگ میں مصروف مزدوروں سے مصافحہ کیا اور شدید سردی میں رات گئے عوامی پراجیکٹ پرکام کرنے والے مزدوروں کو شاباش دی۔ محسن نقوی نے پل کی جلد تعمیر کے لیے تمام ضروری وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی اور کہا کہ پائلنگ ورک کو سپیڈ کے ساتھ آگے بڑھایا جائے اورنئے راوی پل پر کام کی رفتار تیز کی جائے۔ انہوں نے کنٹریکٹر کوتعمیراتی سرگرمیوں کو تیز کرنے کے لئے ہدایات دیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کی سہولت کیلئے اس منصوبے کو جلد ازجلد مکمل کیا جائے، نئے راوی پل کی تعمیر سے لاہور کی داخلی و خارجی ٹریفک کو آمدورفت میں بے پناہ آسانی ہوگی۔
کمشنر و ڈی جی ایل ڈی اے اور کنٹریکٹر نے پل کی تعمیر پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ راوی پل پراجیکٹ کے دونوں اطراف پائلنگ اور بورنگ کا عمل 24 گھنٹے جاری ہے، پائلنگ کیلئے دو نئی مشینیں لگائی گئی ہیں، دریائے راوی پر 540 میٹر طویل چار لین پر مشتمل نیا پل تعمیر کیا جا رہا ہے۔
صوبائی وزرا عامر میر، اظفر علی ناصر، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، ڈپٹی کمشنر،چیف انجینئر ایل ڈی اے،نیسپاک، محکمہ تعمیرات و مواصلات،آبپاشی،ضلعی انتظامیہ اور دیگر محکموں کے حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔