وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 35واں اجلاس

13

لاہور،11جنوری( اے پی پی ): وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 35واں اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب حکومت نے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے فیصلہ کیا کہ نوجوانوں کو روزگار کے لئے کینیڈا بھجوایا جائے گا اوراس ضمن میں کابینہ نے پاکستان ویسٹرن کینیڈا ٹریڈ ایسوسی ایشن (PWCTA) اور حکومت پنجاب کے درمیان ایم او یو پر دستخط کرنے کی منظوری دی۔

اجلاس میں پنجاب کی تاریخ میں ہسپتالوں کی تعمیر ومرمت کے سب سے بڑے پیکیج کی منظوری دی گئی۔کابینہ نے ہسپتالوں کے6لاکھ مربع فٹ سے زائدایریا کی اپ گریڈیشن اورتعمیر وتوسیع کیلئے اضافی فنڈز کے اجراء کی منظوری دی۔سیکرٹری صحت نے کابینہ کو بریفنگ میں بتایا کہ پنجاب کے ہسپتالوں میں پہلی بار 15ہزار نئے بیڈز فراہم کیے جارہے ہیں اورہسپتالوں میں پہلی بار جدید ترین ماڈیولرآپریشن تھیٹر بنائے جارہے ہیں۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن پراجیکٹس کی تکمیل تک وزراء اورسیکرٹریز کو مانیٹرنگ جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کے پراجیکٹس کی تکمیل تک ہر سطح پر کاوشیں جاری رکھی جائیں۔

کابینہ نے کینسر کے مریضوں کیلئے مفت ادویات کی فراہمی کے پروگرام میں توسیع اور نوارٹس کے سا تھ ایم او یو پر دستخط کی منظوری دی۔ سی ایم ایل پراجیکٹ کے تحت کینسر کے مریضوں کوانتہائی مہنگی ادویات Afinitor اور Jakaviمفت فراہم کی جائیں گی۔

 کابینہ نے بھل صفائی مہم 2024ء کے لئے فنڈز کے اجراء کی منظوری دی۔سیکرٹری آبپاشی نے بریفنگ میں بتایا کہ 10سال بعد 2200نہروں کی بھل صفائی اور کناروں کی تعمیر و مرمت کی جارہی ہے۔231نہروں پر بھل صفائی کا کام تیزی سے جاری ہے۔بھل صفائی مہم کا پہلا اوردوسرا مرحلہ 15فروری تک مکمل ہوگا جبکہ بھل صفائی مہم کا تیسرا مرحلہ مارچ میں شروع کیا جائے گا۔ کابینہ نے قیام پاکستان کے بعد پہلی دفعہ پنجاب میں مسیحی برادری کیلئے میرج اورطلاق کے قوانین کے نفاذ اورپنجاب کرسچن میرج رولز 2023 ء کی منظوری دی۔

اجلاس میں خیبرپختونخوااوربلوچستان کو گندم فراہم کرنے کا فیصلہ کیا  گیا اورکابینہ نے خیبر پختونخوا اوربلوچستان کیلئے گندم فراہم کرنے کی درخواست کی منظوری دی۔ کابینہ نے پنجاب کی پہلی کلاؤڈ پالیسی کی منظوری دی۔ چیف سیکرٹری کی سربراہی میں کلاؤڈ بورڈ قائم کیا جائے گا اورآئندہ ڈیٹا سینٹرکی ضرورت نہیں رہے گی۔ اجلاس میں تعلیمی سیشن 25-2024 کے لیے مفت نصابی کتب کی فراہمی کے لیے فنڈز کے اجراء کی منظوری دی گئی۔کابینہ نے سی بی ڈی پنجاب میں ڈپلومیٹک انکلیو میں نئے چینی قونصلیٹ کے قیام کیلئے این او سی کے اجراء کی منظوری دی۔

اجلاس میں ایس او ایس،چلڈرن ویلج، چلڈرن ہوم، یوتھ ہوم اور سکولزرحیم یار خان کے قیام کے لیے زمین کی الاٹمنٹ کی منظوری دی گئی۔کابینہ نے لاہور میں شہریوں کو ان کے گھروں میں سروسز کی فراہمی کے پروگرام “دستک”کے نفاذ کی منظوری دی۔