لاہور،24جنوری(اے پی پی):وزیر اعلی ٰپنجاب محسن نقوی نے ریکارڈ مدت میں مکمل ہونے والے مزار بی بی پاکدامن اپ گریڈیشن پراجیکٹ کا افتتاح کیا۔مزار بی بی پاکدامن کمپلیکس میں توسیع کی گئی۔مزار پر مرصع سنہری جالی نصب کی گئی ہے اور 3 سبز گنبد،چوبی محرابیں اور بہترین فرشی ٹائلیں اعلی تعمیرات کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔اپ گریڈیشن پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب میں علمائے کرام،صوبائی وزرا بھی شریک تھے۔مزار بی بی پاکدامن اپ گریڈیشن پراجیکٹ افتتاح کے بعد اجتماعی طور پر دعائے خیر کی گئی۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی،علما کرام اور وزرا نے بعد ازاں مزار بی بی پاکدامن پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی، ملک وقوم کی ترقی اور بقا کی دعائیں بھی کیں۔وزیراعلی ٰمحسن نقوی نے مزار کے مختلف حصوں کا دورہ کرکے تعمیراتی معیار کو سراہا۔وزیراعلیٰ نے مزار کا ڈیزائن بنانے والے نیر علی دادا کو گلے لگا لیا۔ انہوں نے ایمپرس روڈ سے مزار کے داخلی راستے کی کشادگی کے پراجیکٹ کا بھی اعلان کیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مزار کے داخلی راستے پر موجود علاقہ مکینوں سے بات چیت کی،اپ گریڈیشن پراجیکٹ کی تکمیل پرعلاقہ مکینوں اور زائرین نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کو خراج تحسین پیش کیا۔
زائرین کا کہنا تھا کہ محسن نقوی اور ان کی ٹیم نے مزار بی بی پاکدامن کی تعمیر کا حق ادا کیاہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے مزاربی بی پاکدامن اپ گریڈیشن پراجیکٹ کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ الحمداللہ مزار بی بی پاکدامن مکمل ہوگیا ہے،نماز مغرب کے بعد زائرین کے لئے کھول دیا جائے گا۔مزار بی بی پاکدامن اپ گریڈیشن پراجیکٹ پر محکمہ تعمیرات و مواصلات نے دن رات محنت کی ہے۔مزاربی بی پاکدامن کی اپ گریڈیشن کے لئے سیکرٹری اوقاف نے تمام مکاتب فکر کے علما کو اکٹھا کرکے تحفظات ختم کرائے۔
وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ نیر علی دادا نے بی بی پاکدامن کے مزار کا انتہائی خوبصورت ڈیزائن بغیر معاوضہ لئے تیار کیا ہے۔مستقبل میں جب بھی پاکستان کی تاریخی عمارتوں کے بارے میں ذکر ہوگا تو مزار بی بی پاکدامن کاضرور ذکر ہو گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ گنجان آبادی کے وسط میں ہونے کی وجہ سے زائرین کومزار بی بی پاکدامن آمدورفت میں مشکل پیش آتی ہے۔مزار بی بی پاکدامن کو ایمپرس روڈ کے ساتھ منسلک کرنے کیلئے داخلی راستہ وسیع کیا جائے گا۔آئند10سے 12روز میں بازار بی بی پاکدامن ایمپرس روڈ سے براہ راست منسلک ہوجائے گا۔ ایمپرس روڈ سے توسیع شدہ راستے کی وجہ سے مزار بی بی پاکدامن میں آمدو رفت میں آسانی ہو گی۔
صوبائی وزرا ڈاکٹر جمال ناصر،ڈاکٹر جاوید اکرم،اظفر علی ناصر،ابراہیم مراد،صوبائی مشیر وہاب ریاض،چیف سیکرٹری،آئی جی پولیس،ایس ایم بی آر،سیکرٹریز تعمیرات ومواصلات،اوقاف،اطلاعات،سی سی پی او،سی ٹی او،کمشنرلاہور اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔