کراچی، 24 جنوری (اے پی پی):سیکرٹری وفاقی محتسب سیکرٹریٹ نوید احمد شیخ نے شکایات کے فوری حل اور ادارے کی رسائی کو بڑھا کرشہریوں کو انصاف کی فوری اور بلامعاوضہ فراہمی کے لیے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
وہ وفاقی محتسب کے علاقائی دفتر کراچی میں ادارے کے قیام کے 41 سال مکمل ہونے پر بدھ کو منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں سینئر ایڈوائزر اور انچارج ریجنل آفس کراچی سید انوار حیدر اور دیگر ممبران اور عملہ نے شرکت کی۔
سیکرٹری نے اس موقع پر وفاقی محتسب کا پیغام پڑھتے ہوئے کہا کہ وفاقی محتسب کا دفتر 1983 میں وفاقی اور صوبائی دارالحکومت میں قائم کیا گیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ چار دہائیوں میں یہ ملک کے مختلف حصوں میں موجودگی کے ساتھ انتظامی جوابدہی کا ایک اہم ادارہ بن چکا ہے۔ اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں کے علاوہ وفاقی محتسب کے سکھر، ملتان، بہاولپور، فیصل آباد، ڈی آئی خان، حیدرآباد، گوجرانوالہ، ایبٹ آباد، خاران، سرگودھا، سوات، خضدار، میرپورخاص، وانا اور صدہ میں علاقائی دفاتر ہیں۔
وفاقی محتسب نے اپنے پیغام میں کہا کہ موصول ہونے والی شکایات کی بڑھتی ہوئی تعداد بدانتظامی، نااہلی، غفلت اور امتیازی سلوک کے مسائل کو حل کرنے کے لیے وفاقی محتسب کی اہلیت پر لوگوں کے اعتماد ا کا مظہر ہے۔شہریوں کو ان کے گھروں کے قریب خدمات کی فراہمی پر زور دیتے ہوئے وفاقی محتسب نے انسانی حقوق، گڈ گورننس اور قانون کی حکمرانی کے فروغ اور تحفظ کے عزم کی تجدید کی۔
نوید احمد شیخ نے کہا کہ وفاقی محتسب کا ادارہ مزید علاقائی دفاتر کے قیام، دور دراز علاقوں میں کھلی کچہریوں کے انعقاد اور الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے ذریعے بڑے پیمانے پر آگاہی پھیلانے کے ساتھ ساتھ آگاہی لیکچرز کے سلسلے کے ذریعے ادارے کی عوام تک رسائی کو مزید بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔
سید انوار حیدر نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ وفاقی محتسب نے اپنے قیام کے 40سالوں میں 20لاکھ سے زائد عوامی شکایات اور مسائل کا ازالہ کیا ہے جبکہ صرف گذشتہ سال ایک لاکھ سے زائد شکایات کا ازالہ کیا گیا۔ریجنل آفس کراچی کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ صرف کراچی آفس نے گزشتہ سال 25 ہزارسے زائد کیسز نمٹائے۔
انہوں نے کراچی آفس کے ممبرز اور عملے کی کارکردگی کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ وفاقی محتسب کے دفتر سے وابستگی صرف نوکری نہیں بلکہ یہ درحقیقت لوگوں کے مسائل کو حل کرکے ان کی شکایات کے ازالے کو یقینی بناکر ان کی خدمت کرنا ہے۔انہوں نے اسی لگن اور ولولے سے کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ وفاقی محتسب کی پالیسی، کاوشوں اورکام کی موجودہ رفتار کو نہ صرف برقرار رکھا جائے گا بلکہ معیار کو یقینی بناتے ہوئے اس میں مزید تیزی لائی جائے گی۔
بعد ازاں انہوں نے وفاقی محتسب کے دفتر کے قیام کی 41ویں سالگرہ کے موقع پر کیک بھی کاٹا۔