ٹیکنالوجی کے شعبے میں ہونے والی ترقی سے دنیا کا ہر خطہ مستفید ہوناچاہیے ؛نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ

35

ڈیووس،17جنوری  (اے پی پی):نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑنے کہا ہے کہ پائیدار ترقی کے لئے یکساں مواقع کی فراہمی ضروری ہے، ٹیکنالوجی کے شعبے میں ہونے والی ترقی سے دنیا کا ہر خطہ مستفید ہوناچاہیے،ٹیکنالوجی کی مساوی تقسیم نہ ہونے سے تنازعات بڑھیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  بدھ کو عالمی اقتصادی فورم کے زیرِ اہتمام منعقدہ‘‘ٹریڈ ٹیک ٹریلین ڈالر پرامس ’’کے اجلاس میں گفتگوکرتےہوئے کیا۔ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا  کہ پائیدار ترقی کے لئے یکساں مواقع کی فراہمی ضروری ہے، ڈیجیٹل اکانومی آنے والے دور میں اہمیت کی حامل ہو گی ۔ میری  رائے میں  جو معاملہ حل کرنے کی ضرورت ہے وہ معاشی مسابقت نہیں بلکہ سٹریٹجک مسابقت ہے۔ سٹرییجک مسابقت معاشی مسابقت پر حاوی ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے شعبے میں ہونے والی ترقی سے دنیا کا ہر خطہ مستفید ہوناچاہیے۔ سرمایہ کاری کے لئے نجی شعبہ  کی حوصلہ افزائی ضروری ہے۔ وقت کے ساتھ مسائل کا حل ضروری ہے۔

 نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ تیز رفتار ترقی کے لئے جدید ٹیکنالوجی پر انحصار کرنا ہو گا، سب کےلئے ٹیکنالوجی کا  مساوی حصول یقینی ہونا چاہیے ۔ اس  کے صحت کی خدمات سے لےکر سماجی شعبے تک اثرات پڑتے ہیں۔ ٹیکنالوجی کی صورت میں جب سٹریٹجک مسابقت بڑھتی ہے تو اس سے ترقی یافتہ ممالک 21 ویں صدی میں سائنس کی ترقی سے زیادہ مستفید ہوتے ہیں۔ انہوں  نے کہا کہ اگر ٹیکنالوجی کی مساوی تقسیم نہیں ہو گی تو اس سے تنازعات مزید بڑھیں گے،اس معاملے کو زیر غور لانے کی ضرورت ہے، ٹیکنالوجی کی مساوی تقسیم سے معاملات کوبہتر بنانے میں مدد ملے گی۔