پاکستانی لیبرز کی ڈیمانڈ دنیا بھر میں بہت زیادہ ہے، انکو تعلیم اور ہنر مند بنانے کے اقدامات پر زور دینا ہوگا، صوبائی وزیرابراہیم حسن مراد

15

لاہور، 04 جنوری(اے پی پی): نگران صوبائی وزیر مائنز اینڈ منرلز ابراہیم حسن مراد کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں مائنز ورکرز کی فلاح وبہبود بارے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

 صوبائی وزیر مائنز اینڈ منرلز نے ہدایت کی کہ مائننگ سے منسلک تمام ڈیپارٹمنٹس کا ایڈوائزری بورڈ بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ مائنز ورکرز کے ایکسیڈنٹ کی شرح زیرو فیصد پر لانی ہوگی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستانی لیبر کی ڈیمانڈ دنیا بھر میں بہت زیادہ ہے۔ انکو تعلیم اور ہنر مند بنانے کے اقدامات پر زور دینا ہوگا۔

 اجلاس میں ایم ایل ڈبلیو سی اور سی آئی ایم کے مشترکہ ہیلپ لائن کے قیام کا جائزہ بھی لیا گیا۔ اجلاس میں ماہانہ بنیادوں پر زیر زمین کانوں کی حقیقی وقت کی تصاویر حاصل کرنے کے لیے اقدامات، ای چالان متعارف کرانے کے لیے مائنز ایکٹ اور ایکٹ 1923 میں ترامیم کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں کان کنی کے ساتھ ساتھ سروے ڈپلوموں میں طلبہ کی نشستوں میں اضافہ بھی زیرِ غور آیا جبکہ بار بار خلاف ورزی کرنے پر لیز ہولڈرز کے خلاف سخت کارروائی بارے بھی جائزہ لیا گیا۔

 صوبائی وزیر کو 11 جنوری کو ایک ہیلپ لائن 1325کے قیام بارے بھی بریف کیا گیا۔ بریفننگ میں بتایا گیا کہ پی آئی ٹی بی کے ساتھ مل کر لائحہ عمل حتمی مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ مائنز کی مانیٹرنگ کے لیے تصاویر پر انحصار کرنے کی بجائے خود فیلڈ وزٹ کریں اور تمام مائنز مالکان کو رجسٹرڈ کیا جائے۔ ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل مائنز اینڈ منرلز،چیف انسپکٹر مائنزپنجاب، لاہور اور دیگر متعلقہ افراد نے اجلاس میں شرکت کی۔