پاکستان کو ادویات کے شعبے میں خود کفیل دیکھنےکیلئےعملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں،نگران وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان

13

 

لاہور، 22 جنوری ( اے پی پی ): نگران وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا ہے کہ پاکستان کو ادویات کے شعبے میں خود کفیل دیکھنےکیلئےعملی اقدامات کیے جارہے ہیں ۔مختصر مدت میں ہیلتھ کے شعبے میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کی ہیں عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے پر عزم ہیں۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں دو خام مال مینوفیکچرنگ یونٹس کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ یونٹس چھ ماہ کے اندر ایکٹیو فارما سوٹیکل اجزاء(APIs) کی پیداوار شروع کریں گے،مستقل بنیادوں پر ادویات کی فراہمی کو بہتر بنانے کیلئے مربوط حکمت عملی تشکیل دی ہے،یونٹس کے قیام سے ملک میں دوائیں بنانے کیلئے ضروری اجزاءکی مقامی پیداوار میں اضافہ ہو گا۔

 اس موقع پرڈاکٹر ندیم جان نے کہاکہ لوکل پیداوار سے نہ صرف ملکی ضروریات پوری ہوں گی بلکہ برآمدات میں بھی اضافہ ہوگا،یہ منصوبہ ملکی صحت کے شعبے کو خود انحصاری کی طرف گامزن کرے گا،حکومت پروموشن پالیسی کے تحت API مینوفیکچررز کی مختلف طریقوں سے مدد کر رہی ہے،حکومتی سہولیات میں آسان قرض، ٹیکس رعایت اور تکنیکی مدد شامل ہے،مجھے یقین ہے کہ اس پالیسی سے ملکی فارما سوٹیکل انڈسٹری کو فروغ ملے گا،پاکستان کی فارما انڈسٹری ملین ڈالر کی ادویات امپورٹ کرتی ہے۔