اسلام آباد،8جنوری(اے پی پی):پاک بحریہ اور رائل سعودی نیول فورسز کے مابین ایکسپرٹ لیول مذاکرات میں میری ٹائم سیکیورٹی اور بحری شعبہ جات میں باہمی تعاون کو فروغ دینے پر بات چیت ہوئی۔وائس چیف آف دی نیول اسٹاف وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی نے وفد کی قیادت کی۔وائس چیف آف دی نیول اسٹاف کی کمانڈر رائل سعودی نیول فورسز وائس ایڈمرل فہد بن عبداللہ الغفیلی سے بروز پیر تفصیلی ملاقات منعقد ہوئی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی کی جانب سے رائل سعودی نیول فورسز کے تربیتی شعبے کو مزید تقویت دینے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی۔وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی نے اس موقع پر کہا کہ پاک بحریہ اور رائل سعودی نیول فورسز کے مابین ہم آہنگی اور شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے کیلئے پر عزم ہیں۔