پشاور، 09 جنوری (اے پی پی): پشاور بی آر ٹی کو بس انڈسٹری ری اسٹرکچرنگ پروگرام کے تحت اعزازی تذکرے سے نوازا دیا گیا
ہے ،بس انڈسٹری ریسٹرکچرنگ پروگرام کے تحت 500 سے زائد پرانی بسوں اور ویگنوں کو سکریپ کر کے جدید سفری نظام لانے کے سلسلے میں عالمی اعزازی تذکرے سے نوازا گیا۔
سی ای او ٹرانس پشاور ڈاکٹر طارق عثمان نے بی آر ٹی ہیڈ آفس میں منعقدہ پریس بریفنگ سے خطاب میں کہا کہ 8 جنوری کو انسٹی ٹیوٹ فار ٹرانسپورٹ اینڈ ڈیولپمنٹ پالیسی نے اس سال کے سسٹینبل ٹرانسپورٹ ایوارڈ کے فاتحین کے ناموں کی فہرست جاری کی جس میں پشاور بی آر ٹی کو بس انڈسٹری ری اسٹرکچرنگ پروگرام کے تحت اعزازی تذکرے سے نوازا گیا ہے۔
ڈاکٹر طارق عثمان نے کہا کہ بس انڈسٹری ریسٹرچنگ پروگرام میں 500 سے زائد پرانی بسیں اور ویگنیں جو نہ صرف غیر محفوظ بلکہ 30۔40 سال پرانی تھیں، کو تلف کیا گیا۔ یہ بسیں اور ویگنیں دھواں چھوڑنے کی وجہ سے ماحولیاتی آلودگی کا بہت بڑا سبب تھیں۔ ان بسوں اور ویگنوں کو تلف کر کے ماحول دوست جدید سفری نظام لانے کے سلسلے میں بی آر ٹی پشاور کو سسٹینبل ٹرانسپورٹ ایوارڈ کی جانب سے عالمی اعزازی تذکرے سے نوازا گیا۔
ڈاکٹر طارق عثمان نے کہا کہ اس ایوارڈ کے لئے متعدد درخواستوں میں سے 13 ملکوں ہندوستان ، ارجنٹائن ، متحدہ عرب امارات ، برازیل ، کولمبیا ، ترکی اور چین وغیرہ کے منصوبوں کو نامزد کیا گیا تھا لیکن ان ممالک میں سے بی آر ٹی پشاور کو اعزازی تذکرہ سے نوازا گیا اور اس ایوارڈ کے ساتھ بی آر ٹی پشاور نے اب تک 5 عالمی ایوارڈز اپنے نام کر لئے ہیں ۔
سی ای او ٹرانس پشاور ڈاکٹر طارق عثمان نے کہا کہ بی آر ٹی نہ صرف ہمارے لئے ایک قابل فخر منصوبہ ہے بلکہ صرف تین سال میں پانچ بین الاقوامی ایوارڈز اپنے نام کر کے اس نے دنیا کو پشاور کا ایک مثبت رخ دکھایا ہے، جو نہ صرف ٹرانس پشاور بلکہ پورے شہر، صوبہ اور ملک کیلئے باعث فخر ہے۔
ترجمان ٹرانس پشاور صدف کامل نے بتایا کہ یہ پراجیکٹ سسٹینبل اربن ڈویلپمنٹ کے ایک جامع منصوبے کی عمدہ مثال ہے جہاں ماحول کی بہتری کے ساتھ ساتھ معاشرے کے تمام طبقات کو برابری کے بنیاد پر سفری سہولت فراہم کرنے کو ترجیح دی گئی ہے۔ یہ ایوارڈ نہ صرف ہمارے ٹرانزٹ سسٹم کا بلکہ ان مثبت اثرات کا بھی اعتراف ہے جو ان سب شہریوں کی زندگیوں پر پڑا جو اس سسٹم پر انحصار کرتے ہیں۔
معاشرے کے تمام طبقوں جیسے بچے، بزرگ افراد، مخصوص افراد، خواتین اور خواجہ سرواں کے لئے نہ صرف مخصوص نشستیں رکھی گئیں بلکہ انکی سفر تک رسائی ممکن بنائی گئی جو اس سے پہلے نہ صرف مشکل بلکہ مخصوص افراد کے لئے نا ممکن تھی۔
واضح رہے کہ اس سےقبل بی آر ٹی پراجیکٹ کوعالمی سطح پر گولڈ سٹینڈرڈ ایوارڈ، پرائز فار سیٹیز، اور بیسٹ سمارٹ ٹکٹنگ پروگرام کے انعامات بھی مل چکے ہیں۔