پنجاب حکومت سموگ کے سدباب کیلئے چین کے ماہرین ماحولیات کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہتی ہے؛ سیکرٹری ماحولیات

22

 

لاہور،15جنوری(اے پی پی):صوبائی سیکرٹری ماحولیات راشد کمال الرحمن  نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت سموگ کے سدباب  کیلئے چین کے ماہرین ماحولیات کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہتی ہے۔

ان خیالات کا  اظہار انہوں نے  چین کے ماہرین ماحولیات سے پیر کو یہاں   ملاقات  میں کیا۔اس موقع پر چینی قونصل جنرل ژہو شائرن،ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ظفر اقبال اور ڈی جی ماحولیات ظہیر عباس ملک بھی موجود تھے۔اجلاس میں پنجاب خصوصا ًلاہور میں سموگ کے تدارک کے امور پر چین کے ماہرین ماحولیات سے تبادلہ خیال کیا گیا اور  سموگ کے سدباب کے لئے مختلف قابل عمل تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔

سیکرٹری ماحولیات راشد کمال الرحمن  نے کہا کہ نگران وزیر اعلی پنجاب نے سموگ کے خاتمے کیلئے شارٹ و لانگ ٹرم حکمت عملی بنانے کی ہدایت کی ہے۔انہوں  نے کہا کہ ہم سموگ کو کم کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں،ہمیں سموگ سے انسدادی اقدامات کے طور پر نمٹنے کے لئے چینی ماہرین ماحولیات کی رہنمائی کی ضرورت ہے،پچھلے ماہ لاہور میں سموگ کے سدباب کے لئے مصنوعی بارش کا کامیاب تجربہ کیا گیا۔

ڈی جی ماحولیات ظہیر عباس ملک نے سموگ کے تدارک کے لئے پنجاب حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات اور گورننگ لاز پر تفصیلی بریفنگ دی۔سال 2023 میں ماہانہ بنیادوں پر  اے کیو آئی کی اوسط شرح،موبائل اے کیو ایم ایس اور  ورلڈ بینک کی جانب سے فراہم کئے گئے کم قیمت سنسرز کے بارے میں بتایا۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک ریجنل ایشو ہے،خصوصا ًلاہور میں فضائی آلودگی کی وجوہات میں 83.5 فیصد ٹرانسپورٹ،9.7 فیصد انڈسٹری،3.9 فیصد زراعت،3.6 فیصد ویسٹ برننگ،0.14 فیصد کمرشل اور ڈومیسٹک 0.11 فیصد شامل ہیں۔

ایس پی اینڈ آئی کی جانب سے ورلڈ بنک فنڈڈ پنجاب گرین ڈویلپمنٹ پروگرام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔چین کے قونصل جنرل ژہو شائرن نے صوبہ پنجاب خصوصا ًلاہور میں سال 2023 میں سموگ کی شرح میں 10 فیصد کمی پر نگران وزیر اعلی پنجاب،نگران صوبائی وزیر ماحولیات اور سیکرٹری ماحولیات کی کاوشوں کو سراہا۔

چین کے ماہرین ماحولیات نے چین میں سموگ کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے پراجیکٹ بیک گراؤنڈ،اہم ریسرچ حقائق،سپورٹ فور آئر کوالٹی ایمپروومنٹ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔انہوں نے فضائی آلودگی پر قابو پانے کے میکنزم،پالیسی سازی سپورٹ اور ٹیکنالوجی سسٹم کے بارے میں بتایا۔چین کے ہر ضلع و شہر میں فضائی آلودگی کو کنٹرول کرنے کے لئے 295 اداروں اور 2900 سائنٹیفیک ریسرچرز نے مل کر کام کیا۔