پشاور، 30جنوری(اے پی پی): آئی جی خیبرپختونخوا اختر حیات خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا بالخصوص پشاور پولیس یہاں کے شہریوں کا حوصلہ ہے یہ پولیس یہاں کا امن قائم رکھنے اور عوام کا حوصلہ برقرار رکھنے کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس شہدا کے خاندانوں کے ہر دکھ میں ان کیساتھ کھڑی رہے گی اور دشتگردوں اور جرائم پیشہ عناصر کا قلع قمع کرنے کیلئے ڈٹ کر مقابلہ کرتی رہے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم شہداءملک سعد شہید پولیس لائن کی مسجد میں ہونیوالے دھماکہ کے شہدا کی پہلی برسی کے موقع پر شہدا کے خاندانوں سے اپنے خطاب کے دوران کیا۔
اس تقریب کے موقع پر ایڈیشنل آئی جی ایلیٹ فورس فخر وصال سلطان راجہ، سی سی پی او پشاور سید اشفاق انورو دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔کیپٹل سٹی پولیس کے چاق و چوبند دستے نے آئی جی پی کو سلامی پیش کی جبکہ آئی جی خیبر پختونخواہ نے یادگار پولیس شہداءپر پھول چڑھائے اور شہداءکے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔
انہوں نے دھماکہ کا نشانہ بننے والی پولیس لائن مسجد کا بھی دورہ کیا اور شہداءکے ایصال ثواب کیلئے جاری ختم القرآن پاک میں بھی حصہ لیا اور شہداءاور انکے لواحقین کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔
بعد ازاںآئی جی پولیس نے شہداءکی فیملی ممبران کیساتھ بھی ملاقات کی اور ان کو کسی حال میں اکیلا نہ چھوڑنے کا اعادہ کرتے ہوئے ہر ممکن امداد اور ویلفیئر کی فلاح و بہبود اور تعاون کا یقین دلایا۔اس موقع پر سی سی پی او پشاور سید اشفاق انور اور ایڈیشنل آئی جی کمانڈنٹ ایلیٹ فورس فخر وصال سلطان راجہ نے بھی شہداءکی فیملی سے خطاب کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے شہداءکی فیملی کو ہر ممکن امداد کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ پولیس افسران کے دفاتر کے دروازے ان کیلئے ہر وقت کھلے ہیں۔
تقریب کے مہمان خصوصی انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخواہ اختر حیات خان گنڈا نے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ سال 30جنوری 2023 ءکا دن محکمہ پولیس کیلئے مشکل ترین دن تھا اس دن اپنے ان بھائیوں اور رشتہ داروں کو کھویا جو اللہ کے حضور نماز کی ادائیگی کیلئے مسجد میں کھڑے تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ پشاور پولیس نے دہشتگردی کے واقعہ میں ملوث عناصر کا سراغ بھی لگایا ، انہیں گرفتار کرکے پابند سلاسل بھی کیا اور انہیں منطقی انجام تک بھی پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ اتنے بڑے سانحے کے باوجود ہم حق و سچ کے راستے پر ڈٹے ہوئے ہیں اس بات کا یہ ثبوت ہے کہ اب ان شہداءکے بچے بھی اسی پولیس فورس میں شامل ہیں اور وہ اپنے باپ بھائیوں کی جگہ خدمات انجام دے رہے ہیں۔آئی جی پولیس نے کہا کہ ہم شہداءاور غازیوں کی قربانیوں کے مقروض ہیں میرے دفتر کے دروازے ہر شہید کی فیملی اور غازیوں کیلئے 24گھنٹے کھلے ہیں۔