اسلام آباد،31 جنوری(اے پی پی):پاکستان کونسل آف رینیوایبل انرجی ٹیکنالوجیز نے “پی وی ماڈیولز اور الائیڈ آلات کے لیے پاک کوریا ٹیسٹنگ لیبارٹری کے قیام” پر گفتگو اور فروغ کے لیے سیمینار کا انعقاد کیا، سیمینار کوریا انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی اور کوریا کنفارمیٹی لیبارٹریز کے تعاون سے منعقد کیا گیا تھا۔ اس منصوبے کیلئے کوریا انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی کی طرف سے 9.5 ملین امریکی ڈالر کی گرانٹ ایڈ اور روپے کے مقامی حصہ کی مدد حاصل ہے، پی ایس ڈی پی کے ذریعے 185.8 ملین کی فنڈنگ کی جارہی ہے۔
کوریا اور پاکستان کے ماہرین نے جمہوریہ کوریا میں سولر پینلز کے کوالٹی کنٹرول میکنزم اور پاکستان میں سولر پینلز کے اسی طرح کے کوالٹی کنٹرول میکانزم کو لاگو کرنے کی تجویز کردہ پالیسی ڈائریکشن کا اشتراک کیا۔پروجیکٹ حکام نے بتایا کہ اس پروجیکٹ کے تحت یہ پہلا پروموشنل سیمینار تھا جس میں نجی شعبے کی شمسی توانائی پر مبنی صنعتوں کے ساتھ ملک میں پی وی پینل کوالٹی کنٹرول میکانزم کی تشکیل کے لیے ان پٹ حاصل کرنے کے لیے بات چیت کی گئی تھی۔
پراجیکٹ حکام نے بتایا کہ اس پروجیکٹ کے تحت صنعت میں پی وی پینلز کے کوالٹی کنٹرول میکانزم کو حتمی شکل دینے کے لیے مزید دو سیمینار منعقد کیے جائیں گے۔