اسلام آباد،22 جنوری(اے پی پی ): چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نےایوان بالاءکی گولڈن جوبلی کے تسلسل میں پارلیمنٹ ہاﺅس میں ایوان بالاءکی تاریخ کے حوالے سے “دیوار وفاق(Wall of Federation) “کا افتتاح کر دیا۔
افتتاحی تقریب سے خطا ب میں چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ ایوان بالا وفاقی اکائیوں کی مساوی نمائندگی کے لئے وجود میں آیا،” دیوار وفاق” پر موجود تصاویر سینیٹ میں تاریخی واقعات کی نمائندگی کرتی ہیں، اہم قانون سازی کی منظوری اور ممتاز قومی اور بین الاقوامی معززین کے دورے شامل ہیں۔
محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ “دیوار وفاق” پر تصویری مجموعہ کے ذریعے ایوان بالاءکے 50 سالہ تاریخی سفر کی عکاسی کی گئی ہے ۔ یہ تصاویر سینیٹ کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ہمارے جمہوری اداروں کی اہمیت کی یاد دہانی کا کام کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ “دیوار وفاق” پر موجود تصاویر سینیٹ کی تاریخ کی اہم جھلک پیش کرتی ہیں اور سینیٹ میں تاریخی واقعات کی نمائندگی کرتی ہیں جس میں اہم قانون سازی کی منظوری اور ممتاز قومی اور بین الاقوامی معززین کے دورے شامل ہیں ۔
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ ایوان بالاءکا دورہ کرنے والے افراد کو ایوان بالاء کی تاریخ کی آگاہی کے لئے ایک اعلیٰ قسم کا میوزیم بھی قائم کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور قوم کی ترقی و خوشحالی کے لئے ہم سب ساتھ ہیں ، ایوان بالا وفاقی اکائیوں کی مساوی نمائندگی کے لئے وجود میں آیا ۔
دیوار وفاق کی افتتاحی تقریب کے موقع پر چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کے ہمراہ سینیٹرز عبدالقادر ، پروفیسر ساجد میر، عرفان صدیقی، ڈاکٹر زرقہ سہروردی تیمور، طاہر بزنجو، بہرہ مند خان تنگی اور سیکرٹری سینیٹ محمد قاسم صمد خان کے علاوہ ایوان بالا کے اعلی حکام بھی موجود تھے۔