کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے پوزیشن ہولڈر طلبا وطالبات میں 367 لیپ ٹاپ تقسیم

63

لاہور،11جنوری( اے پی پی ):وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے آج کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کا دورہ کیا اور پوزیشن ہولڈرپوسٹ گریجوایٹ اورگریجوایٹ،نرسنگ طلبا وطالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے۔مجموعی طور پر 367 طلبا وطالبات کو میرٹ پر لیپ ٹاپ دئیے گئے۔

 وزیراعلی محسن نقوی نے لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر فرد اپنا فرض ادا کرے گا تو ملک کو ترقی سے کوئی نہیں روک سکتا۔اپ گریڈیشن کے بعد اونر شپ نہ لی گئی تو ہوسکتا ہے چند روز میں ہی ہسپتالوں کی حالت بگڑ کر پہلے جیسی ہوجائے۔ اپ گریڈیشن کے بعد وائس چانسلر، پرنسپل اورڈاکٹرز اونر شپ لیں گے تو ہی ہسپتال ٹھیک رہیں گے۔

وزیراعلی نے کہا کہ حکومت اربوں روپے اپ گریڈیشن پر لگا رہی ہے اب ڈاکٹر اور طلبہ پر ہسپتالوں کاگھر کی طرح خیال رکھنے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ مریضوں کا بہتر علاج کرنا اور ہسپتال کی اونر شپ لینے میں ہی ڈاکٹرز کی کامیابی ہے۔

 وزیراعلی نے کہا کہ وزیراعلی، وزراء یا سیکرٹری ہسپتالوں کا اتنا خیال نہیں رکھ سکتے جتنا ڈاکٹرز اور پروفیسرز رکھ سکتے ہیں۔ ہسپتالوں میں بنیادی سہولتیں فراہم کرنا حکومتی کی ذمہ داری ہے لیکن اونر شپ ڈاکٹرز کو لینی ہے۔ انہوں  نے کہا کہ مئی 2023 میں ہم نے بحریہ ہسپتال کا دورہ  کیا،میرے ساتھ صوبائی وزراء،چیف سیکرٹری،سیکرٹری صحت بھی موجود تھے۔ہم بحریہ ہسپتال علاج معالجے کی سہولتیں دیکھ کر بہت متاثر ہوئے اور میں اپنی ٹیم کو اسی وقت کہا کہ ہمارے سرکاری ہسپتال بھی اسی معیار کے ہونے چاہئیں۔ہم نے فیصلہ کیا اور فوری اقدامات شروع کئے اور سرکاری ہسپتالوں کو بحریہ ہسپتال کی طرز پر بنانے کا کیلئے کام کا آغاز کیا۔انشاء اللہ اب پنجاب کے ہسپتال اپ گریڈیشن کے بعد بحریہ ہسپتال سے بہتر ہوں گے۔  ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن ہمارا فرض تھا جو پورا کررہے ہیں، ڈاکٹرز اور پروفیسرز اب اونر شپ رکھنے کا فرض ادا کریں۔

 صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محسن نقوی عوام کے لئے ٹھنڈی ہوا کے جھونکے جیسے ہیں۔مریض کی فلاح بہبود اور دیکھ بھال ہماری حکومت کا نصب العین ہے۔

 صوبائی وزیر پرائمری وسیکنڈری ہیلتھ ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ وزیراعلی محسن نقوی نہ تو خود آرام سے بیٹھتے ہیں اور نہ ہی وزراء کو آرام سے بیٹھنے دیتے ہیں۔ان کی زندگی کا ایک ہی مقصد ہے کام کرنا،کام کرنا اور بس کام کرنا۔75برس بعد صحت کے شعبے میں جو کام وزیراعلی محسن نقوی دور میں ہوا ہے اسے بتانے کیلئے پورا دن بھی کم ہے۔

کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمود ایازنے کہا کہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے طلبا وطالبات سے کسب کمال اورانسانیت کی خدمت کی توقع رکھی جاتی ہے۔

 صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، سیکرٹری صحت، ایچ ای سی کے نمائندہ محمد ماجد مصطفی خان اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔