کھیل کے میدان آباد ہونگے تو ہسپتال ویران ہونگے، گورنر خیبرپختونخوا غلام علی

49

 

پشاور،30 جنوری(اے پی پی): گورنر حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ تعلیم ہو یا کھیلوں کا میدان، صوبہ خیبرپختونخوا اور ہمارے ضم اضلاع کسی سے پیچھے نہیں، حالیہ نیشنل ویمن لیکروس چیمپئن شپ میں خیبرپختونخوا کی ٹیم نے جس طرح کا کھیل پیش کرکے جیت کا سہرا اپنے نام کیا اس پر فخر ہے، کھیل کے میدان آباد ہونگے تو ہسپتال ویران ہونگے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پاکستان لیکروس فیڈریشن کے عہدیداروں اور لیکروس چیمپئن شپ جیتنے والے خیبرپختونخوا کی ویمن ٹیم کی کھلاڑیوں سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں میئر پشاور حاجی زبیر علی، پی ایل ایف کے سیکرٹری جنرل انجینئر تیفور زین، نائب صدر سمیرا خرم، منیجر مریم فضل، ساجد علی اور ٹیم کوچ صنا لیاقت شریک تھیں۔

پی ایل ایف کے عہدیداروں نے چیمپیئن شپ کے دوران بھرپور سپورٹ کرنے اور گورنر ہاوس پشاور میں مدعو کرنے پر گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں یادگاری شیلڈ اور ٹیم کٹ پیش کی۔ گورنر کو انٹرنیشنل ایتھلیٹ “کرس” کی جانب سے اظہار تشکر کا خط بھی پیش کیا گیا۔

خواتین کھلاڑیوں اور منتظمین سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر حاجی غلام علی کا کہنا تھا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیل کے میدان میں اپنا جھنڈا گاڑھنے والی قوم کی ان بچیوں پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیکروس چیمپیئن شپ میں جتنی ٹیموں اور کھلاڑیوں نے ملک بھر بالخصوص ہمارے قبائلی اضلاع سے حصہ لیا وہ بچیاں حقیقی معنوں میں لائق تحسین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ زبانی کلامی نہیں بلکہ عملی طور پر ان کھلاڑیوں کے لیے نہ صرف کیش مالی معاونت کی جائیگی بلکہ اخلاقی سپورٹ بھی اسی طرح جاری رکھی جائیگی۔ گورنر نے ٹیم میں شامل تمام بچیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی اور انہیں ونر ٹرافی بھی دی۔ گورنر کا کہنا تھا کہ صوبے کی نگران حکومت اور سپورٹس ڈیپارٹمنٹ سے بھی بات کرینگے تاکہ بچیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بچیاں آگے چل کے نہ صرف اپنے خاندان بلکہ ملک و قوم کا نام روشن کرینگی، اور دنیا کو یہ پیغام ملے گا کہ پاکستان اور اسکے بسنے والے کسی بھی میدان میں کسی سے پیچھے نہیں ہیں۔

پی ایل ایف عہدیداروں نے بھرپور تعاون اور عزت افزائی پر گورنر حاجی غلام علی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اگر انکی سرپرستی اور حکومتی توجہ رہی تو بہت جلد انٹرنیشنل ایونٹس میں ملک کے لیے میڈلز جیت کر لائینگے۔