اسلام آباد، 09 جنوری( اے پی پی): نگران وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ دو روزہ گلوبل ہیلتھ سیکورٹی سربراہ کانفرنس10 اور 11 جنوری کو اسلام آباد میں منعقد ہو رہی ہے ،گلوبل ہیلتھ سکیورٹی سمٹ 2024ءکا انعقاد پاکستان کے لئے باعث اعزاز ہے۔
منگل کو نگران وفاقی وزیر برائے قومی صحت ڈاکٹر ندیم جان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ یہ کانفرنس انسانیت کی صحت سے متعلق ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کے صحت سے متعلق مسائل ہی اصل مسائل ہیں، ہم پاکستان اور پوری دنیا، ہیلتھ سسٹم کی اپ گریڈیشن چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میڈیا سے گزارش ہے کہ اس ہیلتھ سمٹ کو بھرپور کوریج دے۔
نگران وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ پاکستان میں ہیلتھ سیکٹر کو لیڈ کرنے کی صلاحیت موجود ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ویکسین کی تیاری کیلئے نجی شعبے میں ایک کنسورشیم بنا رہے ہیں۔
وزیر صحت نے کہا کہ نئے کورونا ویرئینٹ سے پاکستان میں خطرہ ہے، ائیرپورٹس پر دو فیصد رینڈم اسکریننگ شروع کر دی ہے، بھارت اور دیگر ممالک میں جے این ون ویرئینٹ موجود ہے جبکہ پاکستان میں بھی نئے ویرئینٹ کے کچھ کیس سامنے آئے ہیں۔