لاہور، 13 جنوری(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن سے نیدرلینڈز میں تعینات پاکستان کے سفیر سلجوق مستنصر تارڑ نے ملاقات کی۔سلجوق مستنصر تارڑ نے گورنر پنجاب کو آگاہ کیا کہ پاکستان عالمی عدالت انصاف میں فلسطینی عوام کے حق میں جنوبی افریقہ کے اسرائیل کے خلاف مقدمہ کی بھرپور حمایت کر رہا ہے۔
گورنر پنجاب نے سلجوق مستنصر تارڑ کو کیمیائی ہتھیاروں کی روک تھام کے کنونشن کی ریاستوں کی کانفرنس کا چیئرمین منتخب ہونے پر مبارک باد دی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پہلے پاکستانی کا اس کانفرنس کا چیئرمین منتخب ہونا ملک کے لیے باعث افتخار ہے۔
گورنر پنجاب نے ان کے آرٹ میں دلچسپی کو سراہتے ہوئے کہا کہ زیادہ سے زیادہ فورمز کا حصہ بن کر آرٹ اور ادب کے ذریعے پاکستان کا سافٹ امیج اجاگر کریں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ نیدرلینڈز یورپین یونین میں پاکستان کا دوسرا بڑا تجارتی شراکت دار ہے ۔ نیدرلینڈز کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
سلجوق مستنصر تارڑ نے گورنر ہائوس میں استاد اللہ بخش، عبدالرحمن چغتائی اور استاد محمد شریف کے فن پاروں اور تاریخی پیانو کی بحالی کا کام میں خصوصی دلچسپی لی اور گورنر ہائوس میں منظم ٹورز کے ذریعے عوام کو بھرپور رسائی دینے کے اقدام کو بھی سراہا۔
سلجوق مستنصر تارڑ نے اپنی لکھی ہوئی کتاب آل دیٹ آرٹ اور اپنے والد مستنصر حسین تارڑ کی کتاب پیار کا پہلا پنجاب گورنر پنجاب کو پیش کی۔ گورنر پنجاب نے سلجوق مستنصر تارڑ کو گورنر ہاؤس پر تحقیق کی گئی مشہور آرکیٹیکٹ یاسمیں لاری کی کتاب تحفے میں دی۔ سلجوق مستنصر نے کہا کہ گورنر ہاوس لاہور ایک تاریخی ورثہ ہے، اسے جس طرح عوام کے لیے محفوظ کیا گیا ہے اور اس میں مزید بہتریاں لائی جا رہی ہیں، قابل تعریف ہے۔