گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن سے چیک ریپبلک کے سفیر کی ملاقات، تعلیم اور تجارت کے شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال

13

لاہور،19جنوری(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن سے چیک ریپبلک کے سفیر لیڈیسلاوو سٹین ہوبل نے ملاقات کی۔ اس موقع پر چیک سفیر کی اہلیہ اور جمہوریہ چیک کے اعزازی قونصل جنرل کمال منوں بھی ان کے ہمراہ تھے۔ گورنر نے چیک ری پبلک کے سفیر کو لاہور میں خوش آمدید کہا اور نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ ملاقات میں تعلیم اور تجارت کے شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان جمہوریہ چیک کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ۔ ہم جمہوریہ چیک کو یورپی یونین کے تناظر میں ایک اہم شراکت دار سمجھتے ہیں۔ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط مضبوط بنانے سے دو طرفہ تعلقات کو فروغ ملے گا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور جمہوریہ چیک کے مابین  سٹوڈنٹس ایکسچینج پروگرام شروع کرنے چاہیئیں۔ پاکستان اور چیک ری پبلک کے درمیان خوشگوار تعلقات ہیں ۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں۔ چیک ری پبلک کے سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان میں صنعتی شعبے میں سرمایہ کاری کے  لیے وسیع مواقع موجود ہیں۔ بلیغ الرحمٰن نے کہا کہ پاکستان کے شہر سیالکوٹ میں اعلیٰ معیار کے فٹبال تیار کیے جاتے ہیں ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان کو فیفا ورلڈ کپ کے لیے فٹ بال بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔ پاکستانی سرجیکل آلات کوالٹی کے حوالے سے پوری دنیا میں مشہور ہیں۔ چیک ری پبلک کے سفیر نے کہا کہ چیک ری پبلک کی ٹیکنیکل یونیورسٹیوں میں پاکستانی طلباء کی تعداد بڑھ رہی ہے۔  انھوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلیم اور تجارت کے شعبوں میں  تعلقات کو مزید فروغ دیا جائے گا۔