گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن کی زیرِ صدارت اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے انتظامی و مالی معاملات بارے اجلاس

12

لاہور، 19 جنوری(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن نے بحیثیت چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے انتظامی و مالی معاملات بارے گورنر ہاﺅس لاہور میں ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں اسلامیہ یونیورسٹی کے انتظامی و مالی امور سے متعلق قائم کمیٹی نے گورنر پنجاب کو رپورٹ پیش کی۔اجلاس میں چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم (سی ایم آئی ٹی)، ہائر ایجوکیشن کمیشن اور ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ ساوتھ پنجاب کی سابقہ انکوائری رپورٹس پر بھی بحث کی گئی۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ ان رپورٹوں کی روشنی میں حکومت پنجاب ضروری اقدامات اٹھائے۔ سب رپورٹیں سنڈیکیٹ کے سامنے بھی پیش کی جائیں تاکہ ان اہم اداروں کی طرف سے پیش کی گئی رپورٹ کی روشنی میں سنڈیکیٹ صحیح فیصلے کر سکے۔

بلیغ الرحمٰن نے کہا کہ یونیورسٹی کے مالی معاملات کو جلد حل کیا جائے۔ سنڈیکیٹ کا اجلاس جلد بلا کر اہم فیصلے کیے جائیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ یونیورسٹی اپنی ضروریات کے مطابق حکومت سے ایڈیشنل گرانٹ کا کیس فی الفور بھیجے تاکہ جلد اس پر عمل کرایا جائے اور اساتذہ اور عملے کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔

 بلیغ الرحمٰن نے کہا کہ یونیورسٹی کے اندر جلد اور دیرپا اقدامات کر کے جامعہ کو صحیح سمت میں گامزن کیا جائے۔ غیر ضروری اخراجات میں کمی لائی جائے اور آمدنی کے ذرائع کو بڑھانے پر اس طرح غور کیا جائے کہ تعلیم بھی مہنگی نہ ہو۔

 گورنر پنجاب نے کہا کہ اکیڈمک بلاک کے تعمیراتی منصوبے کی جلد تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ گورنر پنجاب نے گرلز ہاسٹلز کے رکے ہوئے پراجیکٹ کو بھی جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی ،انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی بسوں کے روٹس کم کرنے کی بجائے انہیں بہتر نظم و ضبط کے ذریعے چلایا جائے اور ہر ممکنہ خرچے کو کم کیا جائے۔

 اجلاس میں چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر شاہد منیر، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن خالد سلیم ,وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر، ڈاکٹر مظہر سعید ایڈوائزر پلاننگ اینڈڈویلپمنٹ ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد، زینب خان ایڈیشنل سیکرٹری فنانس ڈیپارٹمنٹ، ٹریثرار اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور عبدالستار ظہوری، گورنر سیکرٹریٹ کے افسران سپیشل سیکرٹری ٹو گورنر عبدالرحمٰن شاہ، ایڈیشنل سیکرٹری محمودالحسن, ڈپٹی سیکرٹری نوشین سرور اور ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے نمائندگان نے شرکت کی۔