اسلام آباد،22 جنوری(اے پی پی ): پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ شہناز شیخ نے کہا ہے کہ ہاکی اولمپکس کوالیفائنگ راؤنڈ میں ہمارے کھلاڑیوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، محنت کی اور چوتھے نمبر پر آئے، بدقسمتی سے گول ریویو ہمارے حق میں نہیں آیا جس کی وجہ سے پاکستان اولمپکس کھیلنے سے محروم ہوگیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ہیڈ کوچ شہناز شیخ نے کہا کہ میچ کے چوتھے کوارٹر میں نیوزی لینڈ کے گول پر بال کھلاڑی کے بدن پر لگا جس پر پاکستانی کھلاڑی نے ریویو لیا ، امپائرز کی جانب سے کلئیر نا ہونے کی بنیاد پر فیصلہ پاکستان مخالف دیا گیا۔
شہناز شیخ نے کہا کہ ٹیکنیکل ڈائریکٹر نے ویڈیو کا زاویہ نا ہونے کو بنیاد بنایا،اس پوزیشن پر پاکستان میچ پاکستان کے ہاتھ میں تھا، ہماری ٹیم نےسپورٹس مین سپرٹ کا مظاہرہ کیا اور خاموش رہے لیکن شکایت تحریری طور پر جمع کروا دی گئی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس فیصلے سے پاکستان اولمپکس سے باہر ہوا، جن حالات میں ہاکی تھی چوتھی پر آنا ایک اعزاز ہے۔