ہر بچے کے لیے معیاری تعلیم کی یکساں سہولیات کی فراہمی ہماری اولین تر جیح ہے،مدد علی سندھی

30

 

اسلام آباد، 15 جنوری (اے پی پی): نگران وفاقی وزیر تعلیم مدد علی سندھی  نے کہا ہے کہ  اسکول سے باہر بچوں کی شرح کو کم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ اس تعداد کو کم کرنے اور  ہر بچے کے لیے  معیاری تعلیم کی  یکساں سہولیات کی فراہمی کے لیے ٹیکنالوجی کے کردار کا جائزہ لینا بہت ضروری ہے۔

  ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یونیسکو، ای ڈی ٹیک حب اور آئی ٹی اے کے تعاون سے گلوبل ایجوکیشن مانیٹرنگ رپورٹ 2023 کے قومی اجراء  کے موقع پر منعقدہ تقریب  سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

نگران وفاقی وزیر نے  اس بات کو یقینی بنانے پر خصوصی زور دیا ہے کہ طلباء کو محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے وفاق کے اسکولوں میں بنیادی ضروریات دستیاب ہوں۔

 مدد علی سندھی نے اس سال جی ای ایم رپورٹ کے موضوع  کی اہمیت کو اجاگر کیا اور کہا کہ پاکستان میں تعلیمی  نظام کی بہتری اور  ترقی کے لیے ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ  دینے پر  زور دیا اور وزارت تعلیم کے ذریعے کوویڈ میں ٹیلی اسکول اور تعلیمی ریڈیو چینلز کی ترقی اور آغاز پر  بھی روشنی ڈالی اور  کہا  کہ وزارت تعلیم اس بات کو یقینی بنائے گا کہ ٹیکنالوجی کے استعمال کو اس طرح ڈھال لیا جائے کہ کوئی بچہ اس سے پیچھے نہ رہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کورونا  کے دوران پاکستان میں تعلیم کی فراہمی کے لیے  ٹیکنالوجی کے استعمال کو بہت اہمیت دی گئی  ہے, اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی رفتار سے ہم آہنگ ہو۔