ملتان،09 جنوری(اے پی پی ): پورے ہفتے کی تھکاوٹ کو دور کرنے اور ذہنی سکون کیلئے شہری سخت سردی میں بھی دریائے چناب کے کنارے کا روخ کرتے ہیں، جہاں وہ دوستوں کیساتھ بیٹھ کر بچپن کی یادیں تازہ کر کے خوش گپیاں لگاتے ہیں تو کھبی بچپن کے کھیل دوبارہ کھیل کر لطف اندوز ہوتے ہیں۔
دریائے چناب کنارے آئے شہریوں نے کہا کہ ہفتہ بھر کام کرنے سے تھکاوٹ ہوجاتی ہے جسے دور کرنے کے لیے یہاں آ کر دوستوں کے ساتھ مل کر مختلف کھیل کھیلتے ہیں، جن میں خاص طور پر ثقافتی کھیل شامل ہیں۔
موجودہ دور میں پٹھو گرم اور گلی ڈنڈا جیسا کھیل نایاب ہوتا جارہا ہے جن کا اپنا ہی مزہ ہے۔ شہریوں نے کہا کہ یہ کھیل ہمیں ہمارے بچپن کی حسین یادیں تازہ کرواتا ہے اور اس کو کھیل کر ہماری اچھی ورزش بھی ہو جاتی ہے۔
جسمانی ورزش کم ہونے سے بیماریاں جلد انسان کو پکڑ لیتی ہیں، بیماریوں سے بچنے کے لیے جسمانی ورزش بہت ہی ضروری ہے۔شہریوں نے کہا کہ اپنے لیے وقت نکالنے سے ڈپریشن اور بے چینی سے نجات ملتی ہے جبکہ ورزش کرنے سے انسان صحت مند و توانا رہتا ہے۔